ہمارا مقصد برکس گروپ کے ساتھ تعاون کرنا ہے، صدرِ مملکت ابراہیم رئیسی
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی نے کہا ہے کہ برِکس گروپ آزاد ممالک کو یکطرفہ پالیسیاں مسلط کئے جانے کے مقابلے اور اقتصادی تعاون کے مقصد سے متحد کرنے میں کامیاب ہوا ہے۔
سحر نیوز/ ایران: صدرِ مملکت سید ابراہیم رئیسی نے برکس اجلاس میں شرکت کے لئے جنوبی افریقہ روانہ ہونے سے پہلے کہا کہ برکس گروپ نے آزاد ممالک کو یکطرفہ پالیسیاں مسلط کئے جانے کے مقابلے اور اقتصادی تعاون کے مقصد سے متحد کرنے میں کامیابی حاصل کرلی ہے اور ہمارا مقصد اس گروپ کے ساتھ تعاون کرنا ہے۔
سید ابراہیم رئیسی نے اس بات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہ برکس کے رکن ممالک کی آبادی دنیا کی کُل آبادی کا چالیس فی صد ہے اور ایک گروپ کی حیثیت سے اس میں وسعت کی کافی گنجائش ہے کہا کہ برکس اجلاس میں شرکت کرنے کا مقصد اسلامی جمہوریہ ایران کے مواقف کو بیان کرنا اور دوسرے ممالک کے ساتھ اسلامی جمہوریہ ایران کے تعلقات کی توسیع کے لئے برکس کے رکن ممالک کے سربراہوں سے ملاقات کرنا ہے۔
صدر مملکت سید ابراہیم رئیسی برکس سربراہی اجلاس میں شرکت کی غرض سے بدھ کی رات جنوبی افریقہ کے شہر جوہانسبرگ روانہ ہوگئے۔ ایک اعلیٰ سطحی سیاسی وفد بھی صدرِ مملکت کے ساتھ جوہانسبرگ گیا ہے۔
وزیر خارجہ حسین امیر عبداللٰہیان اور صدر مملکت کے سیاسی دفتر کے نائب سربراہ محمد جمشیدی بھی سید ابراہیم کے ساتھ جانے والے وفد میں شامل ہیں۔