Sep ۰۲, ۲۰۲۳ ۱۶:۳۸ Asia/Tehran
  • اربعین کے موقع پر خصوصی سیکورٹی پلان کامیاب، ایرانی کمانڈر

ایران کی بارڈر سیکورٹی فورس نے اربعین کے موقع پر اپنے خصوصی سیکورٹی پلان کو مکمل طور سے کامیاب قرار دیا ہے۔

سحر نیوز/ ایران: ایران کی بارڈر سیکورٹی فورس کے کمانڈر بریگیڈیئر احمد علی گودرزی نے عراق سے ملی ایران کی مہران سرحد کا دورہ کیا اور قریب سے زائرین کی آمد و رفت اور انکے فراہم کی جانے والی سہولتوں اور وہاں نافذ کئے جانے والے خاص سیکورٹی پلان کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اس سال کے اربعین سیکورٹی پلان کے تحت ہم عوام اور بالخصوص زائرینِ اربعین کی خدمت، اتحاد و بھائی چارے کے عظیم الشان جلووں کا نظارہ کر رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ دیار عشق عقیدت کی جانب جاتے وقت زائرین کرام کو ہمارے بارڈر سیکورٹی فورس کے جوان سب سے آخر میں رخصت کرتے ہیں اور پھر واپسی پر یہی لوگ ان کا سب سے پہلے خیرمقدم بھی کرتے ہیں اور بہت سے زائرین واپس ایران پہنچنے پر اس اسلامی سرزمین کی خاک کو چومتے ہیں۔ایران کی بارڈر سکیورٹی فورس کے کمانڈر کا کہنا تھا کہ خوش قسمتی سے کئی مہینے پہلے ہی ایران اور عراق نے مل کر بہت سے لازمی سیاسی و سفارتی اقدامات انجام دئے جس کے نتیجے میں عراق کے ساتھ سولہ سو زائد کلومیٹر کی مشترکہ سرحد ہونے کے باوجود اربعین کا خصوصی سکیورٹی پلان بحُسن و خوبی انجام پا رہا ہے اور پوری سرحد کو اس کے پاسبان زیر نظر لئے ہوئے ہیں۔

یاد رہے کہ بیس صفر کو حضرت امام حسین علیہ السلام کا چہلم ہے اور چند روز ہی شہدائے کربلا کے اربعین میں باقی رہ گئے ہیں اور اسی کےپیش نظر دنیا بھر سے دسیوں لاکھ زائرین زمینی اور ہوائی راستوں سے عراق پہنچ چکے ہیں۔ ارنا نیوز نے تازہ ترین اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ ابتدائے صفر سے اب تک بیس لاکھ سے زائد زائرین ایران کی سرحدوں سے عراق میں داخل ہو چکے ہیں۔

ٹیگس