Sep ۱۶, ۲۰۲۳ ۱۵:۳۳ Asia/Tehran
  • بیلجیم حکومت کس طرح سے دہشت گرد تنظیم ایم کے او کے سرغنہ کی میزبانی کرسکتی ہے؟، ایران

اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کےترجمان نے کہا ہے کہ بیلجيم کی حکومت کس طرح سے دہشت گردی کے خلاف جنگ کے دعووں کے ساتھ دہشت گرد تنظيم ایم کے او کے سرغنہ کی اپنے ملک میں میزبانی کر سکتی ہے؟

سحر نیوز/ ایران: ترجمان وزارت خارجہ ناصر کنعانی نے بیلجیم کے دار الحکومت برسلز میں تقریر کے لئے دہشت گرد تنظیم ایم  کے او کے سرغنہ کے بیلجیم دورے پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے انگریزی میں ٹوئیٹ کیا ہے کہ ایرانی عوام کے خلاف ایم کے او دہشت گردوں کے بھیانک جرائم اور ان کی فریب کارانہ سرشت کے باوجود کہ جس کی تصدیق یورپی پارلیمنٹ جیسے ادارے بھی کر چکے ہیں، کس طرح بیلجیم کی حکومت دہشت گردی کے خلاف جنگ کے دعووں کے ساتھ اس دہشت گرد تنظیم کی سرغنہ کو اپنے ملک میں تقریر کا موقع دے رہی ہے؟

دہشت گرد تنظیم ایم کے او کی سرغنہ ایسے حالات میں بیلجیم میں گئی ہیں کہ جب فروری دو ہزار تیئس میں یورپی یونین نے ایک قرارداد منظور کرکے اسے دہشت پھیلانے والی، ٹارچر و قتل کرنے والی تنظیم قرار دیا تھا اور اس تنظیم کی جانب سے یورپی یونین کے اراکین پارلیمنٹ کو گمراہ کرکے ان سے غلط فائدہ اٹھانے پر اس دہشت گرد تنظیم پر سخت تنقید کی تھی۔

واضح رہے دہشت گرد تنظیم ایم کے او، ایران کے اراکین پارلیمنٹ، اعلی فوجی و سول عہدیداروں، بے گناہ شہریوں اور غیر ملکیوں سمیت سترہ ہزار لوگوں کی شہادت کی ذمہ دار ہے۔

اس دہشت گرد تنظیم نے اسلامی انقلاب کی کامیابی کے بعد سے ہی دہشت گردی و قتل و غارت گری کا سلسلہ شروع کر دیا تھا جس کے دوران اس نے بھیانک جرائم کا ارتکاب کیا ہے۔

اس تنظیم کے دہشت گردوں نے سنہ انیس سو اناسی سے لے کر سنہ انیس سو اکیاسی کے دوران ایران کے بہت سے عہدیداروں، انقلابی کارکنوں اور عام شہریوں کو قتل کیا ہے اور ان تمام دہشت گردانہ اقدامات کی ذمہ داری بھی قبول کی ہے۔

 

ٹیگس