Sep ۱۹, ۲۰۲۳ ۱۱:۱۰ Asia/Tehran
  • ایران کے صدر اور یو این چیف کی ملاقات، صلح اور عالمی امن کے قیام پر تبادلہ خیال

ایران کے صدر نے یو این چیف سے کہا ہے کہ دنیا کے عوام اقوام متحدہ سے بڑی طاقتوں کے ناجائز مفادات کا راستہ روکنے کی امید رکھتے ہیں۔

سحرنیوز/ایران: تسنیم نیوز کی رپورٹ کے مطابق ایران کے صدر آیت اللہ ابراہیم رئیسی نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے دوران اقوام متحدہ کے جنرل سیکریٹری انتونیو گوتریش سے ملاقات کی ہے۔ ایران کے صدر نے یو این چیف سے اپنی ملاقات میں کہا کہ عدل و انصاف اور پائیدار امن و امان کا قیام نیز فقر اور امتیازی سلوک کا خاتمہ، اقوام متحدہ کے اہم فرائض اور ذمہ داریوں میں سے ہے۔ انہوں نے یو این چیف سے اپنی ملاقات میں کہا کہ دنیا کے عوام اقوام متحدہ سے تسلط پسند طاقتوں کی من مانی کا راستہ روکنے کی امید لگائے بیٹھے ہیں- تسلط پسند طاقتوں کی فطرت ہی جنگ کرنا ہے اور اقوام متحدہ کو عالمی امن و امان کے قیام کے لئے اس خطرناک رویے کو روکنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے افغانستان، یمن، شام اور افریقہ میں اقوام متحدہ کو اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے اور ظلم و ستم بند کئے جانے پر بھی تاکید کی ۔آیت اللہ ابراہیم رئیسی نے کہا کہ ایران دنیا میں امن و امان کے قیام کے لئے اور ظلم کا راستہ روکنے کےلئے اقوام متحدہ کے ساتھ تعاون کےلئے آمادہ ہے۔ انہوں نے یو این چیف سے کہا کہ وہ ایران کے بارے میں خبریں عالمی تسلط پسند طاقتوں کے میڈیا کے بجائے ڈائریکٹ اور درست جگہوں سے لیں کیونکہ عالمی میڈیا ایران کی درست تصویر نہیں دکھاتا ہے۔ اقوام متحدہ کے چیف انتونیو گوتریش نے اقوام متحدہ اور ایران کے درمیان تعلقات کے فروغ میں دلچسپی کا اظہار کیا اور ایران سعودی عرب تعلقات کو علاقائی استحکام کےلئے اہم پیشرفت قرار دیا۔

ٹیگس