Oct ۰۴, ۲۰۲۳ ۱۵:۵۱ Asia/Tehran
  • ایران: آئی اے ای اے کے بعض انسپکٹروں کو نکالے جانے کی وجہ سامنے آ گئی

اسلامی جمہوریہ ایران کے محکمہ ایٹمی توانائی کے سربراہ نے آئی اے ای اے کے بعض انسپکٹروں کو نکالے جانے کی وجہ یہ بتائی ہے کہ ان کا طرزعمل انتہا پسندانہ سیاسی محرکات کی عکاسی کررہا تھا۔

سحر نیوز/ ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کے محکمہ ایٹمی توانائی کے سربراہ محمد اسلامی نے بدھ کو صحافیوں سے گفتگو میں بتایا کہ تین یورپی ملکوں سے تعلق رکھنے والے ایٹمی توانائی کے بین الاقوامی ایجنسی آئی اے ای اے کے انسپکٹروں کا نام انسپکٹروں کی فہرست سے اس لئے نکالا گیا ہے کہ ان کا طرزعمل انتہا پسندانہ سیاسی نوعیت کا تھا۔

انھوں نے بتایا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے آئی اے ای اے کے ایک سو ستائيس انسپکٹروں کے ناموں کی منظوری دی ہےجبکہ تین یورپی ملکوں کے جن انسپکٹروں کے نام کاٹے گئے ہیں وہ کئی سال سے ایران نہیں آئے ہیں جبکہ آئی اے ای اے کے انسپکٹروں کی فہرست میں ان کی تعداد قابل ذکر بھی نہیں ہے۔

محمد اسلامی نے کہا کہ اس سلسلے میں مغربی ملکوں کا ہنگامہ ملکوں کے خلاف ان کے سیاسی طرز عمل کا مظہر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مغربی ممالک کا یہ مطالبہ غلط ہے کہ وہ کچھ بھی نہ کریں لیکن ایران ایٹمی معاہدے کی پابندی کرتا رہے ۔

ٹیگس