سفارتی تعلقات کے بعد ایران اور سعودی عرب کا سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون کا اعلان
ایران اور سعودی عرب مشترکہ سائنسی، تکنیکی اور تحقیقی تعاون کے لیے تیار ہیں۔
سحرنیوز/ایران: ارنا کی رپورٹ کے مطابق جاپان کے شہر کیوٹو میں ایس ٹی ایس سربراہی اجلاس میں شرکت کے موقع پر اسلامی جمہوریہ ایران کے سائنس، ریسرچ اینڈ ٹیکنالوجی کے نائب وزیر پیمان صالحی اور سعودی عرب کے شاہ عبدالعزیز سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سٹی کے سربراہ الدسوکی نے ملاقات کی۔
ہونے والی ملاقات میں دونوں فریقوں نے اسلامی دنیا میں ایک دوسرے کے ملک کی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے اسلامی تعاون تنظیم کے ڈھانچے میں مشترکہ سائنسی، تکنیکی اور تحقیقاتی باہمی تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا ۔
اس ملاقات میں انہوں نے ایران اور سعودی عرب کے مابین باہمی دلچسپی کے دیگر امور سمیت سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعلقات کی برقراری اورعالم اسلام کیلئے اس سنہری موقع سے فائدہ اٹھانے کو ضروری قراردیا۔