Oct ۱۸, ۲۰۲۳ ۰۱:۴۴ Asia/Tehran
  • غزہ کے ہسپتال پر اسرائیلی بمباری کے خلاف ایرانی عوام آدھی رات کو سڑکوں پر نکل آئے

دارالحکومت تہران میں سب سے بڑا عوامی احتجاجی مظاہرہ فلسطین اسکوائر پر ہوا۔

سحرنیوز/ ایران: غزہ کے المعمدانی ہسپتال پر قابض صیہونی حکومت کے وحشیانہ حملے کے بعد ایران میں عوامی احتجاج اور مظاہروں کا سلسلہ آدھی رات سے شروع ہو گیا ہے اور ایران کے مختلف شہروں من جملہ رشت اور تہران کے عوام سڑکوں پر نکل آئے۔

دارالحکومت تہران میں سب سے بڑا عوامی احتجاجی مظاہرہ فلسطین اسکوائر پر ہوا۔ اس موقع پرایران کی فضا اللہ اکبر، اسرائیل مردہ باد، امر یکہ مردہ باد، فلسطین زندہ باد اور استقامتی محاذ زندہ باد کے فلک شگاف نعروں سے گونج اٹھی۔

مظاہرین کے ہاتھوں میں پلے کارڈ اور بینر تھے جن پر غزہ کے نہتے اور مظلوم بچوں، عورتوں اورعوام کے حق میں نعرے درج تھے۔

دوسری جانب یمن، ترکیہ، قطر، پاکستان اور مصر سمیت کئی ممالک نے غزہ کے المعمدانی ہسپتال پر قابض صیہونی حکومت کے وحشیانہ حملے کی مذمت کی جبکہ ترکیہ اور یمن کے عوام نے احتجاجی مظاہرے بھی کئے۔

ایران کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں آج بروز بدھ صبح 10 بجے فلسطینیوں کی حمایت اور اسرائیل اورامریکہ سے اظہار نفرت و بیزاری کیلئے  ریلیاں نکالی جائیں گی۔

واضح رہے کہ قدس کی غاصب اور جابر صیہونی حکومت کے جنگی طیاروں نے اب سے چند گھنٹے قبل غزہ شہر کے المعمدانی ہسپتال کو  نشانہ بنایا جس میں طبی عملہ، مریض اور زخمی ہونے والے 800 سے زائد عام شہری شہید ہوئے۔

ٹیگس