پورا علاقہ بارود کے ڈھیر پر ہے: ایرانی وزیر خارجہ
ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے اپنی جنوبی افریقا کی ہم منصب کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں خبردار کیا کہ غزہ کے حوالے سے پورا علاقہ بارود کے ڈھیر پر ہے۔
سحر نیوز/ ایران: ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق جنوبی افریقا کی وزیر خارجہ نالدی پاندور آج اتوار کو ایک اعلی سطحی وفد لے کر تہران پہنچیں ۔ انھوں نے تہران میں اپنے ایرانی ہم منصب حسین امیر عبداللّہیان سے ملاقات اور گفتگو کی ۔
دونوں وزرائے خارجہ نے اپنی اس ملاقات میں باہمی روابط اور تعاون میں توسیع نیز اہم ترین علاقائي اور بین الاقوامی مسائل بالخصوص غزہ کے حالات پر تبادلہ خیال کیا۔ جس کے بعد دونوں وزرائے خارجہ نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔
ایران کے وزیر خارجہ نے اس مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ ہمارے ملک کے عوام کے لئے ، نیلسن منڈیلا کی شخصیت، اپارتھائیڈ کے خلاف جدوجہد کے حوالے سے جانی پہچانی ہے۔
انھوں نے کہا کہ یہ بات اس لحاظ سے اہمیت رکھتی ہے کہ آج دنیا غزہ میں بچوں کی قاتل صیہونی حکومت کے انسانیت کے خلاف جرائم کا مشاہدہ کررہی ہے۔
انھوں نے کہا کہ آج یہ پوراعلاقہ با رود کے ڈھیر پر ہے اور اندازے کی غلطی، غزہ کے عوام کی نسل کشی کا جاری رہنا اور ان کو وہاں سے نکالنے کی کوشش کے خطرناک نتائج علاقے کے علاوہ جنگ کی آگ کے شعلوں کو بھڑکانے والوں کو بھی بھگتنا ہوں گے۔
انھوں نے کہا کہ ہم امریکا اور صیہونی حکومت کو خبردار کرتے ہیں کہ غزہ میں انسانیت کے خلاف جرائم کا سلسلہ فوری طور پر بند نہ کیا گیا توکچھ بھی ہوسکتا ہے اور علاقے کے حالات کنٹرول سے باہر ہوجائیں گے اور اس کے نتائج صیہونی حکومت کے علاوہ اس کے حامیوں کو بھی بھگتنا ہوں گے۔
ایران کے وزیر خارجہ نے اس پریس کانفرنس میں کہا کہ ہم نے خاص طور پر غزہ کے حالات پر گفتگو کی اور فلسطینی عوام کے دفاع اور صیہونی حکومت کی نسل پرستی کی مخالفت میں جنوبی افریقا کا موقف قابل تحسین ہے۔