Oct ۲۸, ۲۰۲۳ ۰۸:۵۹ Asia/Tehran
  •  پورا علاقہ بارود کے ڈھیر میں تبدیل ہوچکا ہے۔: امیر عبداللہیان

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ ایران جنگ میں وسعت نہیں چاہتا اور حماس کی سیاسی حمایت کررہا ہے، علاقے کے حالات کو انتہائی پیچیدہ قرار دیا ہے۔

سحرنیوز/ ایران : وزیرخارجہ حسین امیر عبداللّہیان نے نیویارک میں امریکا کے قومی ریڈیو این پی آر سے انٹرویو میں کہا ہے کہ اسرائیلی حکومت کے جرائم جاری رہنے کی وجہ سے پورا علاقہ بارود کے ڈھیر میں تبدیل ہوچکا ہے۔ انھوں نے کہا کہ نہ صرف یہ کہ ہم جنگ میں وسعت نہیں چاہتے بلکہ دوسروں سے مطالبہ کررہے ہیں کہ جلد سے جلد جنگ بند کرانے کا راستہ اختیار کریں ۔ ایران کے وزیر خارجہ نے اسی کے ساتھ کہا کہ حالات بہت پیچیدہ ہوگئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ صیہونی حکومت کی وحشیانہ بمباریوں میں 7 ہزار سے زائد بے گناہوں کی شہادت پر تحمل، علاقے کے لئے بہت دشوارہے۔ ایران کے وزیر خارجہ نے کہا کہ جو تصویر ہمارے سامنے ہے ، وہ یہ ہے کہ اسرائیلی حکومت کے جرائم کےجاری رہنے کی وجہ سے پورا علاقہ  بارود کے ڈھیر میں تبدیل ہوچکا ہے۔ حسین امیر عبداللّہیان نے اس سوال کےجواب کہ ایران اپنے اتحادیوں سے تحمل کے لئے کہہ رہا ہے یا نہیں، کہا کہ "وہ خود فیصلہ کریں گے۔ ان کی طرف سے ہر لمحہ کسی بھی فیصلے کا امکان ہے لیکن ہم امریکا سے یہی کہیں گے کہ وہ اسرائیلی حکومت کی ہر حال میں حمایت کی پالیسی سے دستبردار ہوجائے۔"

ٹیگس