Nov ۲۷, ۲۰۲۳ ۱۴:۵۶ Asia/Tehran
  • صیہونی حکومت اپنی مہم جوئی کو کیوں جاری رکھنا چاہتی ہے، ایران نے بتا دیا

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ دلائل و شواہد سے جو بات سامنے آتی ہے یہ ہے کہ صیہونی حکومت اپنی مہم جوئی جاری رکھنا چاہتی ہے اور عالمی برادری کو اسے روکنا چاہئے۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے پیر کے روز اپنی پریس کانفرنس میں کہا کہ غزہ کی حالیہ جنگ میں امریکی حکومت عملی طور پر اس جنگ کا ایک حصہ رہی ہے بلکہ پوری جنگ میں اس کا کردار رہا ہے اور اگر امریکی حکومت کی بے جا حمایتیں نہ ہوتی تو میں سمجھتاہوں کہ یہ جنگ وقوع پذیر نہ ہوتی۔

ناصر کنعانی نے کہا کہ امریکہ اس پچاس روز میں اپنے فوجی اہداف کو حاصل نہیں کرسکا ہے اور قرائن و شواہد سے اس امر کی نشاندہی ہوتی ہے کہ صیہونی حکومت اس مہم جوئی کو جاری رکھنا چاہتی ہے اور عالمی برادری کو اس کو روکنا چاہئے-

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ صیہونی حکومت نے میرے خیال میں کیوں کہ اپنا کوئی بھی ہدف حاصل نہيں کیا ہے اس لئے وہ جنگ کو جاری رکھنا چاہتی ہے اور امریکہ بھی صیہونی حکومت کو اس کام سے روکنے کا ارادہ نہیں رکھتا-ناصرکنعانی نے کہا کہ امریکی حکومت یہ چاہتی ہے کہ جو کچھ وہ غزہ کے خلاف جنگ میں حاصل نہیں کرسکی ہے اسے سلامتی کونسل اور سیاسی طریقے سے حاصل کرے- لیکن فلسطینی قوم کسی بھی فریق کو اس کے ناجائز مقاصد کو حاصل کرنے کی اجازت نہیں دیں گے اور فلسطینی قوم کی سرنوشت ان ہی کے ہاتھوں رقم ہوگی-انہوں نے کہا کہ علاقے میں صیہونی حکومت کا کردار ہمیشہ عدم استحکام اور بدامنی میں مدد کرنا رہا ہے اور علاقے میں امریکی بحری بیڑے کی موجودگی بھی صیہونی حکومت کی حمایت کے تسلسل میں ہے۔

ناصر کنعانی نے مزید کہا کہ امریکی حکومت علاقے میں اپنے فوجی اڈوں کو صیہونی حکومت کی حمایت میں استعمال کر رہی ہے-

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ ہمارے پاس دقیق معلومات ہیں کہ امریکہ اپنے علاقائی اڈوں کو صیہونی حکومت کو فوجی سازوسامان اور ہتھیار بھیجنے کے لیے استعمال کرتا ہے اور ہم نے یہ معلومات علاقے کے فریقوں کو بھیجی ہیں۔

غزہ میں جنگ بندی جاری رہنے کے بارے میں کنعانی نے کہا کہ ہم اس جنگ کا خاتمہ چاہتے ہیں اور ہم اس سلسلے میں اعلیٰ سطح پر صدر مملکت، وزیر خارجہ نیز اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اور مختلف ممالک کے دیگر حکام کے ساتھ اپنی مشاورت جاری رکھے ہوئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایران خطے میں سلامتی اور استحکام کے قیام کا پابند ہے اور اس نے ہمیشہ اس سلسلے میں مثبت کردار ادا کیا ہے۔ اور عالمی رائے عامہ اب ایران کے خلاف امریکہ کے جھوٹے اور بے بنیاد الزامات اور بیانات کے فریب میں نہیں آئے گی۔

ناصرکنعانی نے مزاحمتی گروہوں کی طرف سے خطے میں بعض امریکی اڈوں کو نشانہ بنائے جانے کے بارے میں کہا کہ ہم نے بارہا کہا ہے کہ اس میں ہمارا کوئی کردار نہیں ہے اور یہ اقدامات عوام اور مزاحمتی گروہوں کا فطری رد عمل ہیں۔

ٹیگس