شام کے وزیر اعظم ایران کے دورے پر تہران پہنچ گئے
شام کے وزیر اعظم حسین عرنوس جمعہ کی شام کو ایران کے دورے پر تہران کے مہرآباد ہوائی اڈے پہنچ گئے۔
سحر نیوز/ ایران: ارنا کی رپورٹ کے مطابق شام کے وزیر اعظم حسین عرنوس اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب صدر محمد مخبر کی دعوت پر تہران آئے ہیں اور ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی ان کے ہمراہ تہران آیا ہے۔
شام کے وزیر اعظم حسین عرنوس کے تین روزہ دورۂ ایران میں دونوں ممالک کی مشترکہ اعلیٰ کمیٹی برائے اقتصادی تعاون کے 15ویں اجلاس میں شرکت صدر، پارلیمنٹ کے اسپیکر اور ایران کی اعلیٰ قومی سلامتی کونسل کے سکریٹری سے ملاقات شامل ہے۔
واضح رہے کہ کسٹم، بینکنگ، مشترکہ تجارتی محوروں کی تشکیل، سیاحت، توانائی اور بجلی کی فراہمی کے شعبوں میں وسیع اقتصادی تعاون ان شعبوں میں شامل ہیں جن کا جائزہ ایران اور شام کے اعلیٰ سطحی وفود اس دورے میں کریں گے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کا شام کے ساتھ اسٹریٹجک تعاون ہے اور بحران شام کے دوران ایران کی جانب سے شام کی جائز حکومت کی حمایت اور مختلف دہشت گرد گروہوں کے خلاف جنگ میں بشار اسد کی حکومت کی مدد کرنا اس بات کا ثبوت ہے۔
داعش گروہ کی شکست کے بعد شام اور ایران کے درمیان تعلقات اب متنوع اور وسیع تر ہوگئے ہیں اور تمام شعبوں میں ان تعلقات کے فروغ کے امکانات روشن ہیں۔