Dec ۱۲, ۲۰۲۳ ۱۶:۴۰ Asia/Tehran
  • ایٹمی انرجی کی عالمی ایجنسی مغربی طاقتوں کی کٹھ پتلی بن گئی ہے: ایران

ایران کے ایٹمی انرجی کے ادارے کے سربراہ نے کہا ہے کہ ایٹمی انرجی کی عالمی ایجنسی مغربی طاقتوں کی کٹھ پتلی بن کر رہ گئی ہے۔

سحر نیوز/ ایران: ایران کے ایٹمی انرجی کے ادارے کے سربراہ محمد اسلامی نے ریڈیو میڈیسن کے شعبے میں ایران کی کامیابی اور ایٹمی مصنوعات کی تقریب رونمائی کے موقع پر کہا کہ اللہ کے کرم سے ایٹمی انرجی کے ادارے میں ہمارے ساتھیوں نے ریڈیومیڈیسن کی ریسرچ کا عمل پوری کامیابی سے انجام دے ہے ۔ انھوں نے کہا کہ اس وقت ایران کا ایٹمی انرجی کا ادارہ پچاس قسم کی ریڈیو میڈیسن تیار کررہا ہے جنھیں تقریبا دوسو دس طبی مراکز میں استعمال کیا جا رہا ہے اور بعض ریڈیو میڈیسن کلینیکل مرحلے میں ہيں جن کے مکمل ہوتے ہی ان کی پروڈکشن شروع ہوجائے گی۔

ایران کے ایٹمی ادارے کے سربراہ نےغزہ میں فلسطینی عوام کے خلاف ایٹمی ہتھیار استعمال کرنے کی صیہونی کابینہ کی دھمکیوں کے بارے میں کہا کہ صیہونی حکومت نے نہ صرف غزہ کو بلکہ ایران کو بھی ایٹمی ہتھیاروں کے حملے کی دھمکی دی ہے جس کی اسلامی جمہوریہ ایران نے آئی اے ای اے میں شکایت بھی کی ہے ۔

محمد اسلامی نے ایران کے بھاری پانی کی فروخت کے بارے میں کہا کہ ہم اپنا بھاری پانی قانونی طور پربیچیں گے ۔ انھوں نے کہا کہ امریکہ ایک بار ہم سے یہ پانی خرید چکا ہے اور دوسرے ممالک بھی خریدنا چاہتے ہيں ۔

محمد اسلامی نے کہا کہ ہماری اسٹریٹیجی یہ ہے کہ بھاری پانی یا ڈیوٹیریم آکسائڈ تیارکریں اور اس کے اجزاء سے قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے استفادہ کریں

ایران کی ایٹمی مصنوعات کی تقریب رونمائی آج منعقد ہوئی ۔ اس نمائش میں ریڈیو میڈیسن سے متعلق جدید ترین مصنوعات کو پیش کیا گیا جو دماغی رسولیوں کی تشخیص کے لیے استعمال ہوتی ہیں۔

ٹیگس