آج تمام دفاعی ضرورتیں ملک کے اندر ہی پوری کی جاتی ہیں، جنرل محمد شیرازي
مسلح افواج کے سپریم کمانڈر کے فوجی دفتر کے سربراہ نے کہا ہے: ہم دفاعی شعبے میں غیر معمولی کامیابی حاصل کر چکے ہيں اور ہمارے پاس دنیا کی جدید ترین ٹکنالوجی موجود ہے جبکہ ایک وقت ایسا تھا کہ جب ہماری تمام دفاعی ضرورتیں ملک کے باہر سے پوری ہوتی تھیں لیکن اب سب کچھ ملک کے اندر تیار ہوتا ہے۔
سحرنیوز/ ایران:جنرل محمد شیرازی نے کہا: تعلیم و تربیت پر رہبر انقلاب اسلامی نے ہمیشہ زور دیا ہے اور ہمیں مقدس دفاع کے تجربات اور ماہرین کی معلومات سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اسلامی جمہوریہ ایران کے لئے اپنی نوجوان نسل کو تیار کرنا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا: رہبر انقلاب اسلامی نے ہمیشہ مسلح افواج کو تاکید کی ہے کہ وہ اسلامی انقلاب کے معیار کے مطابق کام کريں اور اسلامی انقلاب کا معیار بہت بلند ہے جس تک پہنچنا آسان کام نہیں ہے اور اس کے لئے ہمیں بہت زیادہ جد و جہد کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا: آج ہم امام خمینی اور رہبر انقلاب اسلامی کی قیادت میں ترقی کی راہ پر گامزن ہیں اور ہم نے اہم کامیابیاں بھی حاصل کی ہیں۔
جنرل محمد شیرازي نے کہا: ایک وہ دور تھا جب ہمیں دوسروں کی صلاحیتوں کی ضرورت تھی لیکن آج دوسرے ہماری توانائيیوں اور ٹکنالوجی کے خواہاں ہیں۔
سپریم کمانڈ و رہبر انقلاب اسلامی کے فوجی دفتر کے سربراہ نے کہا: آج اسلامی جمہوریہ ایران شہیدوں کی خون اور قوم کی قربانیوں کی بدولت ایسے مقام پر ہے کہ دنیا اس کی طرف بڑھ رہی ہے اور آپ سب دیکھ رہے ہيں کہ ایران کی حق کی آواز پر دنیا میں لبیک کہنے والے بہت زیادہ لوگ ہیں اور سامراجی طاقتیں ایران کی آواز پر لبیک کہنے والوں کو روکنے کی طاقت نہيں رکھتیں۔