Dec ۱۶, ۲۰۲۳ ۱۵:۱۰ Asia/Tehran
  • ایران میں اسرائیلی جاسوس کو پھانسی دے دی گئی

آج سنیچر کی صبح زاہدان کی جیل میں اسرائیلی جاسوس کو پھانسی دیدی گئی۔

سحر نیوز/ ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کے صوبے سیستان و بلوچستان میں بد نام زمانہ اسرائیل کی جاسوسی کی تنظیم موساد سمیت غیر ملکی ایجنسیوں سے تعلق کا الزام ثابت ہونے پر اسرائیلی جاسوس کی سزائے موت پر آج 16 دسمبر کو عمل درآمد کر دیا گیا۔

اس اسرائیلی جاسوس نے موساد سمیت غیر ملکی ایجنسیوں کے ساتھ آگاہانہ طور پر خفیہ معلومات شئیر کیں اور اپنے ساتھیوں کی مدد سے غیر ملکی حساس اداروں خاص طور پر موساد کو دستاویزات فراہم کیں۔

اس شخص کے خلاف پبلک پراسیکیوٹر کے دفتر میں تفتیش مکمل ہونے کے بعد اس پر صیہونی حکومت کے ساتھ انٹیلی جنس تعاون اور خفیہ معلومات جمع کرنے اور موساد کے افسر کو براہ راست معلومات فراہم کرنے کا الزام ثابت ہوا تھا اور ملکی نظام میں خلل ڈالنے اور اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف سرگرم گروہوں اور تنظیموں کے حق میں پروپیگنڈہ کرنے کے جرم میں اس پر زاہدان کی عدالت میں مقدمہ دائر کیا گیا۔

کیس کی سماعت کے بعد اس جاسوس کو سزائے موت سنائی گئی اور مجرم اور اس کے وکلاء کو اس سے آگاہ کر دیا گیا تھا۔

ملزم کی جانب سے فیصلے پر اعتراض کے بعد کیس سپریم کورٹ کو بھجوا دیا گیا اور دوبارہ سماعت کے بعد اپیل مسترد کرتے ہوئے سپریم کورٹ نے فیصلے کی توثیق اور منظوری دے دی۔

قانونی تقاضے پورا کرنے اور کیس نمٹانے کے بعد آج سنیچر کی صبح زاہدان کی جیل میں مجرم کی سزائے موت پر عملدرآمد کر دیا گیا۔

ٹیگس