ایران: صیہونی حکومت کے خلاف جنوبی افریقا کے اقدام کی قدردانی
اسلامی جمہوریہ ایران کی خارجہ تعلقات کی اسٹریٹجک کونسل کے سربراہ نےکہا ہے کہ تمام ملکوں خاص طور پر اسلامی ملکوں کا فرض ہے کہ وہ فلسطینی عوام کے دفاع کے لئے جنوبی افریقہ کے اس ذمہ دارانہ قدم کی حمایت کریں۔
سحرنیوز/ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کی خارجہ تعلقات کی اسٹریٹجک کونسل کے سربراہ سید کمال خرازی نے جنوبی افریقہ کی جانب سے صیہونی حکومت کے خلاف بین الاقوامی عدالت انصاف میں مقدمے کی وجوہات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی افریقہ کے لوگوں نے نسل پرستوں کی حکومت کے دوران یورپ کے سفید فاموں کے مقامی سیاہ فاموں پر مظالم کا خود تجربہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جنوبی افریقا کے عوام اور حکام کو فلسطینیوں کے خلاف اسرائل کی نسل پرست حکومت کے جرائم کا بخوبی اندازہ ہے اور اسی لئے انہوں نے اسرائيل کے خلاف بین الاقوامی عدالت انصاف میں مقدمہ دائر کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اب یہ تمام ملکوں خاص طور پر اسلامی ملکوں کی یہ ذمہ داری ہے کہ فلسطینیوں کا دفاع کرتے ہوئے، جنوبی افریقہ کے اس ذمہ دارانہ قدم کی حمایت کریں جیسا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے بھی گزشتہ روز اس قدم کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔