Jan ۳۰, ۲۰۲۴ ۲۱:۰۷ Asia/Tehran
  • نیٹو کے سیکریٹری جنرل کے بے بنیاد الزامات پر ایران کا سخت ردعمل

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے خطے میں اسلامی جمہوریہ ایران کے کردار کے بارے میں نیٹو کے سیکریٹری جنرل کے بے بنیاد الزامات اور بیانات کی مذمت کی ہے۔

سحر نیوز/ ایران: نیٹو کے سکریٹری جنرل جینز اسٹولٹن برگ Jens Stoltenberg نےابھی حال ہی میں اسلامی جمہوریہ ایران پر مغربی ایشیائی خطے میں عدم استحکام کا الزام عائد کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ایران پر بحیرۂ احمر میں بحری جہازوں پر حملے کرنے والے، بقول ان کے، دہشت گردوں کی حمایت کی وجہ سے ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔

ارنا کے مطابق، ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے نیٹو کے سیکریٹری جنرل کے بے بنیاد الزامات کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ نیٹو کے سیکریٹری جنرل کی طرف سے لگائے گئے الزامات ایک تلخ طنز کی طرح ہیں کیونکہ نیٹو کے ارکان مغربی ایشیا اور دیگر خطوں میں بھی تباہ کن اور مداخلت پسندانہ پالیسیاں اختیار کرنے نیز فوجی کارروائیاں انجام دینے کی بنا پر نہ صرف علاقے بلکہ پوری دنیا میں عدم استحکام اور بدامنی کی اصل جڑ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی اصولی پالیسی ہمیشہ اچھی ہمسائیگی اور باہمی احترام کے اصول کے دائرے میں ہمسایہ ملکوں کے ساتھ تعلقات کو مضبوط بنانے پر مبنی رہی ہے۔

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ ایک مستحکم، پرامن اور خوش حال خطے کے حصول کے لیے کوشش کرنا اور اس کے ساتھ ساتھ بیرونی مداخلتوں کو قبول نہ کرنا ہمیشہ اسلامی جمہوریہ ایران کی خارجہ پالیسی کے مسلمہ اصولوں میں شمار ہوتا ہے۔

 

ٹیگس