ہمارا دنیا کے ساتھ تعمیری رابطہ ہے: ایرانی وزیر خارجہ
وزیر خارجہ ڈاکٹر حسین امیرعبداللہیان نے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ دنیا کے تمام ممالک کے ساتھ ہمارے تعمیری تعلقات ہیں اور ہمسایہ اور ایشیائی ملکوں سے روابط ہماری ترجیحات میں شامل ہیں۔
سحرنیوز/ ایران: ایران کے وزیر خارجہ نے ایران کے اسلامی انقلاب کی پینتالیسویں سالگرہ کی مناسبت سے ایک ویڈیو پیغام جاری کیا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ انقلاب اسلامی کی 45 ویں سالگرہ کے موقع پر ایران نے سائنس، علم، صنعت، خلائی ٹیکنالوجی، میڈیسن، انجنیئرنگ، ہیومین سائنسز اور متعدد دیگر شعبوں میں بڑی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ سائنس اور ٹیکنالوجی کے بعض شعبوں میں اسلامی جمہوریہ ایران کا شمار دنیا کے 5 بڑے اور اہم ممالک میں ہونے لگا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیابیاں ایران میں اسلامی انقلاب کی کامیابی کی مرہون منت ہے جس نے خواتین اور نوجوانوں کو بااختیار بنایا۔
وزیر خارجہ ڈاکٹر حسین امیرعبداللہیان نے کہا کہ کہ آج کے حالات بالخصوص غزہ میں صیہونیوں کے نسل کشی اقدام نے اقوام متحدہ بالخصوص سلامتی کونسل کی عدم افادیت کا پردہ فاش کردیا ہے اور اس مسئلے کو حل کرنے کے لئے سلامتی کونسل اور اقوام متحدہ کے ڈھانچے میں اصلاح کی اہمیت بڑھتی جا رہی ہے۔