بین الاقوامی تحقیقاتی کمیشن کی رپورٹ مسترد، ایران کی وزارت خارجہ
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ نام نہاد انٹرنیشنل کمیشن نے اپنی رپورٹ میں ثابت کردیا ہے کہ وہ بانیوں کے ایجنڈے کے مطابق اور ان سے تنخواہیں لے کر کام کرتا ہے۔
سحرنیوز/ایران: وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے نام نہاد فیکٹ فائنڈنگ کمیشن کی رپورٹ کے بارے میں کہا کہ وہ اس رپورٹ کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس رپورٹ میں بے بنیاد دعووں کو دہرایا گیا جو کہ غلط اور جانبدارانہ معلومات پر مبنی ہیں ۔ناصرکنعانی نے ایران فوبیا جاری رکھنے کے لیے بعض مغربی ممالک کی کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ نام نہاد انٹرنیشنل فیکٹ فائنڈنگ کمیشن نے اپنی رپورٹ میں ثابت کیا ہے کہ وہ جرمنی، انگلینڈ، امریکہ اور صیہونیوں کے ایجنڈے کے مطابق کام کرتا ہے اور ان سے تنخواہ لے کر مذکورہ بالا حکومتوں کے مذموم اور غیر قانونی مقاصد کے لیے استعمال ہوتا ہے۔
ناصر کنعانی کہا کہ نام نہاد فیکٹ فائنڈنگ کمیشن کے بانی ممالک اسلامی جمہوریہ ایران کی سلامتی اور استحکام نیز 2022 کے بلووں کے مقاصد میں اپنی ناکامی پر سیخ پا ہیں اور اس رپورٹ کا مقصد ایرانی قوم سے انتقام لینا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان ممالک کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ ایران میں نامناسب مداخلت کے بجائے اپنے ملکوں میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے نمٹیں اور خاص طور پر ہزاروں خواتین کے حقوق کی خلاف ورزیوں پر توجہ دیں۔
وزارت خارجہ کے ترجمان نے 2022 کے بلووں کی تحقیقات کے لیے صدر ایران کی جانب سے ایک خصوصی کمیٹی کی تشکیل کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ مذکورہ کمیٹی نے گزشتہ دنوں میں اپنی حتمی رپورٹ ایران کے صدر کو بھیج دی ہے۔