ایران کی سائنسی ترقیات پر زور، ایران کے ایٹمی توانائی کے ادارے کے نائب سربراہ
ایران کے ایٹمی توانائی کے ادارے کے نائب سربراہ جواد کریمی ثابت نے بتایا ہے کہ سائنسی لحاظ سے ترقی یافتہ ممالک کے ساتھ ساتھ ایران میں بھی میگاسائنس کے منصوبوں کو توسیع دی جا رہی ہے۔
سحرنیوز/ایران: روس میں ایک سائنسی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جواد کریمی ثابت نے کہا کہ دنیا بھر میں ٹیکنالوجی کی لہر کے پیش نظر، اسلامی جمہوریہ ایران نے غذائی سیکورٹی، ماحولیات، صحت، علاج اور متعدد دیگر شعبوں میں معیاری اور مستحکم ترقی کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس کے لئے بھاری سرمایہ کاری بھی کی گئی ہے۔
جواد کریمی ثابت نے اس اقدام کو میگا سائنس کے پلیٹ فارم کو مستحکم بنانے میں مؤثر قرار دیا۔ایران کے ایٹمی ادارے کے نائب سربراہ نے بتایا کہ ایران اسی ذیل میں روس کے میگا سائنس منصوبے "پی آئی کے" میں رکنیت حاصل کر چکا ہے۔انہوں نے بتایا کہ یہ ایک ایسا شعبہ ہے جس سے قومی سطح پر ترقی کے لئے علاقائی اور جیوپالیٹیکل تعاون کو فروغ دینا ہوگا تا کہ اجتماعی ترقی ممکن ہوسکے۔
جواد کریمی ثابت نے کہا کہ ایٹمی میڈیسن میں ایران کے موثر تجربات اورغذائی سیکورٹی، توانائی، ماحولیات اور دیگر شعبوں میں ایٹمی ٹیکنالوجی کے استعمال پر مبنی ایران کے جامع منصوبوں کے پیش نظر، تہران نے روس کے پی آئی کے مجموعے کے ساتھ تعاون کا فیصلہ کیا ہے۔قابل ذکر ہے کہ میگاسائنس منصوبوں کا شمار، سائنسی لحاظ سے انتہائی وسیع اور طویل المدت منصوبوں میں ہوتا ہے جن میں قابل ذکر سرمایہ کاری اور بین الاقوامی تعاون کی ضرورت ہوتی ہے۔ قومی معیشت، افرادی قوت، ٹیکنالوجی، قومی پوزیشن نیز ملک کی سافٹ پاور بھی براہ راست میگاسائنس سے متاثر ہوتی ہے۔