Mar ۱۲, ۲۰۲۴ ۲۱:۳۹ Asia/Tehran
  • تلاوت قرآن مجید ایک مقدس فن: رہبرانقلاب اسلامی

آج، منگل کی شام ماہ مبارک رمضان کے پہلے دن تہران کے حسینیۂ امام خمینی میں "قرآن سے انس کی محفل" کا انعقاد کیا گیا۔

سحرنیوز/ ایران: رہبر انقلاب اسلامی آيت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای نے اس نورانی محفل میں اپنے خطاب میں قرآن مجید کی تلاوت کو ایک مقدس فن بتایا اور فرمایا کہ اس انتہائی گرانقدر کام کا اصل ہدف قرآن مجید کے معانی اور پیغام کو عوام اور معاشرے تک پہنچانا اور قرآن میں تدبر کی راہ ہموار کرنا ہونا چاہیے۔

آپ نے ملک میں قراٴت کے ضوابط کے ساتھ اچھی آواز میں قرآن کی تلاوت کرنے والے نوجوان قاریوں کی بڑی تعداد پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے، نوجوان قاریوں کی بڑھتی تعداد کو اسلامی انقلاب کی عظیم نعمتوں میں سے قرار دیا۔ 

رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ قرآن ایک فنِ الہٰی و خدائی ہے اور قاری قرآن کا سب سے اہم فریضہ، سامعین کے ذہنوں تک قرآن مجید کے معانی اور مختلف موضوعات کے سلسلے میں قرآن میں پیش کی گئی منظر کشی کو پہنچانا ہے، بنابریں قاریان قرآن، فرائض الہٰی کے مبلّغین کے مصداق ہیں اور انہیں خود کو فرائض الہٰی کے ایک مبلّغ کے حالات کے مطابق ڈھالنا چاہیے۔

آيت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای نے قاریان قرآن مجید کو کچھ نصیحتیں کرتے ہوئے، مسجدوں اور گھروں میں قرآنی محافل و مجالس کے فروغ پر زور دیا اور فرمایا کہ قرآن کی نشستوں میں اس کے ترجمے اور تفسیر پر بھی خصوصی توجہ دی جانا چاہیے تاکہ معاشرے میں مذہبی معرفت اور تعلیمات کی سطح بلند ہونے کی راہ ہموار ہو۔

رہبرانقلاب اسلامی نے اس قرآنی محفل میں غزہ کے بچوں کے ذریعے تلاوت قرآن کی ویڈیو کلپس نشر کیے جانے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا کہ آج ہم غزہ میں استقامت کے جس نقطۂ عروج کا مشاہدہ کر رہے ہیں وہ قرآن فہمی اور قرآن پر عمل کا نتیجہ ہے۔

رہبر انقلاب اسلامی آيت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای نے فرمایا کہ آج غزہ میں ہم ایک طرف حیوانیت اور ظلم کی انتہا کا مشاہدہ کر رہے ہیں اور دوسری طرف استقامت اور مزاحمت کی سب سے اعلیٰ چوٹی بھی ہمارے سامنے ہے۔

 

ٹیگس