حادثے کی جگہ اور ہیلی کاپٹر کا پتہ لگانے کا آپریشن ایرانیوں نے انجام دیا ہے
ہلال احمر سوسائٹی کے سربراہ نے کہا ہے کہ سرچ آپریشن مکمل طور پر ایرانیوں نے انجام دیا ہے اور اس میں کوئی بیرونی مدد نہیں رہی ہے۔
سحرنیوز/ایران: ایران کی ہلال احمر سوسائٹی کے سربراہ پیر حسین کولیوند نے صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا ہے صدر ایران اور ان کے ساتھیوں کے ہیلی کاپٹر کے حادثے کی جگہ کا پتہ لگانے اور وہاں پہنچنے تک کے سارے مراحل ایرانی امدادی دستوں نے طے کئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سرچ آپریشن میں ہلال احمر، سپاہ پاسدران، فوج، بسیج، فائربریگیڈ، ڈیزاسٹر مینیجمنٹ اور ایمرجنسی سروسز کے دو ہزار سے زائد اہلکاروں نے حصہ لیا۔
ایران کی ہلال احمر سوسائٹی کے سربراہ کولیوند نے ہیلی کاپٹر کے ڈھانچے کا پتہ لگانے میں غیر ملکی امداد کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ سرچ آپریشن کے سبھی مراحل ایرانی امدادی دستوں نے انجام دیئے ہیں اور ان میں کوئی غیر ملکی مدد نہیں رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہیلی کاپٹر کا ڈھانچہ ملنے اور وہاں تک پہنچنے میں چالیس منٹ لگے اور اس آپریشن میں غیر ملکی امداد کی افواہ جھوٹی ہے۔