ایران کے عبوری صدر اور روسی صدر کی ٹیلی فونی گفتگو
روس کے صدر نے ایران کے عبوری صدر کے ساتھ ٹیلیفونی گفتگو میں اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر اور ان کے ہمراہ وفد کی شہادت پر ایکبار پھرتعزیت پیش کی اور ایران کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مضبوط اور مستحکم کرنے کے لیے روس کی آمادگی کا اعلان کیا۔
سحرنیوز/دنیا: ہمارے نامہ نگار کے مطابق، روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے ایران کے عبوری صدر محمد مخبر کے ساتھ ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے ایک بار پھر صدر ابراہیم رئیسی اور دیگر حکام کی شہادت پر رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای، حکومت اور عوام کو تعزیت پیش کی اور انتہائی دکھ کا اظہار کیا۔ روسی صدر ولادیمیر پوتن نے اس بات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہ ایران اس سخت و دشوار دور سے بھی گزر جائے گا، روس اور ایران کے تعلقات کے فروغ میں شہید سید ابراہیم رئیسی کی کاوشوں کو جاری رکھنے پر تاکید کی۔
اس ٹیلی فونی گفتگو میں ایران کے عبوری صدر محمد مخبر نے اظہار تعزیت پر ولادیمیر پوتین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے روس کو ایران کا اسٹریٹجک پارٹنر قرار دیا اور کہا کہ ولادیمیر پوتین کی حکمت عملی اور شہید سید ابراہیم رئیسی کے درمیان بہت اچھے روابط نے دنیا میں طاقت کے توازن کو تبدیل کردیا اور وہ یکطرفہ پسندی کو ختم کرنے میں کامیاب رہے۔
محمد مخبر نے مزید کہا کہ بین الاقوامی مسائل میں ایران نے ہمیشہ روس کے موقف کا احترام کیا ہے اور انشاءاللہ اس کے بعد بھی ہم دونوں ممالک کے درمیان سنجیدہ اور گہرے تعاون کے ساتھ تہران اور ماسکو کے درمیان تعلقات کو مزید فروغ دیں گے۔ روس کی با اثر شخصیات اور دانشوروں نے بھی الگ الگ پیغامات میں ہیلی کاپٹر کے حادثے میں سید ابراہیم رئیسی اور ان کے ساتھیوں کی شہادت پر ایران کے عوام اور حکومت سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔