Jun ۰۲, ۲۰۲۴ ۰۸:۳۶ Asia/Tehran
  • صدر ایران کی شہادت پر مصر کے صدر کا تعزیتی پیغام

مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی نے ایران کے نگراں صدر محمد مخبر کو آیت اللہ ابراہیم رئیسی اور ان کے ساتھیوں کی شہادت پر تعزیت پیش کی ہے۔

سحرنیوز/ایران: ہمارے نمائندے کے مطابق مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی نے اسلامی جمہوریہ ایران کے نگراں صدر محمد مخبر کے نام تعزیتی پیغام میں ہیلی کاپٹر سانحے میں صدر آیت اللہ سید ابراہیم رئیسی، وزیر خارجہ حسین امیر عبداللّہیان اوران کے ساتھیوں کی شہادت پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے، ایران کی قیادت، حکومت اور عوام کو تعزیت پیش کی ہے۔
یاد رہے کہ آیت سید ابراہیم رئیسی 19 مئی کی شام، ایران اور جمہوریہ آذربائیجان کے مشترکہ ڈیم قیزقلعہ سی کا افتتاح کرنے کے بعد شہر تبریز کی طرف واپس آرہے تھے کہ صوبہ مشرقی آذربائيجان کے علاقے ورزقان میں ان کا ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہوگیا۔ اس سانحے میں صدر آیت اللہ رئیسی کے ہمراہ وزیر خارجہ حسین امیر عبداللّہیان، تبریز کے امام جمعہ آیت اللہ سید محمد علی آل ہاشم، صوبہ مشرقی آذربائیجان کے گورنر مالک رحمتی، صدر کی سیکورٹی ٹیم کے کمانڈر جنرل سید مہدی موسوی، چند محافظین اور ہیلی کاپٹر کے عملے کے افراد شہید ہو گئے تھے۔
اس المناک سانحے کے بعد رہبر انقلاب اسلامی، نگراں صدر اور نگراں وزیر خارجہ کے نام دنیا کے مختلف ملکوں سے 330 تعزیتی پیغامات آئے اور صدر اور ان کے ساتھی شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے نیز ان کی آخری رسومات میں شرکت کے لئے 70 اعلی سطحی سیاسی وفود ایران آئے ۔

ٹیگس