Jun ۰۷, ۲۰۲۴ ۱۰:۳۳ Asia/Tehran
  • بورڈ آف گورنرز کی قرارداد میں ایران مخالف دعوے مسترد

ایران نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو لکھے گئے خط میں بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کے بورڈ آف گورنرز کی قرارداد میں اپنے خلاف کئے گئے دعووں کو مسترد کر دیا۔

سحرنیوز/ایران: اقوام متحدہ میں ایران کے سفیر اور مستقل نمائندے امیر سعید ایروانی نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے نام ایک خط لکھا ہے جس میں انہوں نے بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کے بورڈ آف گورنرز کی قرارداد میں ایران کے خلاف کئے گئے دعووں کو مسترد کرتے ہوئے اپنے موقف کی وضاحت کی۔
سلامتی کونسل کے چیئرمین اور اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انٹونیو گوتریش کے نام خط میں ایران کے نمائندے نے لکھا کہ یورپی ٹرائیکا جامع ایٹمی معاہدے میں درج ذمہ داریوں کی پاسداری نہ کرنے کا الزام تہران پر لگا رہا ہے اور جان بوجھ کر موجودہ صورتحال کو نظر انداز کر رہا ہے۔
ایرانی سفیر نے خط میں مزید لکھا ہے کہ امریکہ کے معاہدہ سے یکطرفہ طور پر سے نکل جانے کے جواب میں تہران جامع ایٹمی معاہدے کی شق چھبیس اور چھتیس کے مطابق اصلاحی اقدامات کرنے کا حق مکمل طور پر محفوظ رکھتا ہے۔
ایران کی وزارت خارجہ نے بھی آئی اے ای اے کے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس میں تہران کے خلاف قرارداد کی منظوری کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے غیر تعمیری قرار دیا اور کہا کہ بعض مغربی ممالک سیاسی طور پر آزاد دوسرے ممالک کے خلاف بین الاقوامی میکانزم کا غلط استعمال کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

ٹیگس