فری اسٹائل ریسلنگ کی عالمی درجہ بندی، ایرانی ٹیم رنر اپ
عالمی کشتی فیڈریشن کی درجہ بندی کے فری اسٹائل ریسلنگ مقابلے ایرانی ٹیم کے رنراپ ہونے کے ساتھ ہی اختتام پذیر ہو گئے۔
سحرنیوز/ایران: آئی آر آئی بی نیوز کے مطابق، ہنگری کے شہر بوڈاپیسٹ میں منعقد ہوئے بین الاقوامی فری اسٹائل ریسلنگ مقابلے جمعے کے روز اختتام پذیر ہوئے جس میں ایران کی ٹیم نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔ ایران کی ٹیم اپنے آٹھ پہلوانوں کے ہمراہ ان عالمی مقابلوں میں شریک تھی جس نے ایک سونے دو چاندی اور دو کانسی کے تمغے حاصل کئے۔
ان مقابلوں میں ایرانی کے معروف اور عالمی تمغوں کے حامل پہلوان حسن یزدانی نے چھیاسی کلوگرام کی کیٹیگری میں سونے کا تمغہ حاصل کیا جبکہ عباس ابراہیم زادہ نے پینسٹھ اور عادل پناہیان نے اناسی کلوگرام کی کیٹیگری چاندی کے تمغے حاصل کئے اور اکسٹھ اور چوہتر کلوگرام کی کیٹیگری میں بالترتیب شہداد خسروی اور علی رضائی نے کانسی کے تمغے جیتے۔
ایران کی قومی فری اسٹائل ریسلنگ ٹیم کے کپتان حسن یزدانی نے مذکورہ ٹورنامنٹ میں سونے کا تمغہ جیتنے کے ساتھ ہی پیرس اولمپک کے لئے بھی کوالیفائی کر لیا۔ٹیم کی درجہ بندی میں ایران بانوے اور ایک سو پچیس کلوگرام کی کیٹیگری میں دو پہلوانوں کی کمی کی وجہ سے ایک سو سترہ پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا اور جارجیا کی ٹیم ایک سو تینتیس پوائنٹس اور امریکہ کی ٹیم ستر پوائنٹس کے ساتھ باترتیب پہلے اور تیسرے نمبر پر رہیں۔