Jun ۱۴, ۲۰۲۴ ۱۰:۱۸ Asia/Tehran
  • ایران روس تعلقات کے فروغ کا عزم

اسلامی جمہوریہ ایران کے قائم مقام صدر اور روسی فیڈریشن کے صدر نے دونوں ملکوں کے درمیان تمام معاہدوں کے نفاذ پر تاکید کی ہے ۔

سحرنیوز/ایران: ہمارے نمائندے کے مطابق ایران کے قائم مقام صدر محمد مخبر اور روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے ٹیلیفونی گفتگو میں علاقائی اور بین الاقوامی شعبوں میں دوطرفہ اور کثیرالجہتی تعلقات میں توسیع پر تبادلہ خیال کیا۔
ایران کے قائم مقام صدر محمد مخبر نے صدر سید ابراہیم رئیسی اور ان کے ساتھیوں کی شہادت کے بعد ایران کی حکومت اور عوام کے ساتھ روسی حکومت کے اظہار ہمدردی کو ایک بار پھر سراہتے ہوئے، کہا کہ ماسکو سے تعلقات اسٹریٹجک اور ناقابل تغیر اصولوں پر مبنی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تجارت، سامان کی نقل و حمل اور توانائی کے شعبوں سمیت تمام دوطرفہ معاہدوں کا مکمل نفاذ، دو طرفہ تعلقات کا بنیادی ایجنڈا ہے اور ایران اس پر عمل درآمد کے لیے پرعزم ہے۔
روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے مختلف اقتصادی شعبوں میں ماسکو اور تہران کے درمیان تعاون کی سطح اور پیشرفت کی رفتار کو بہت اچھا اور تسلی بخش قرار دیا اور تعاون کی جامع دستاویز کو دونوں ممالک کے تعلقات کی ترقی کے لیے موزوں قانونی بنیاد قرار دیا اور کثیرالجہتی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔

ٹیگس