Jun ۱۷, ۲۰۲۴ ۱۰:۲۸ Asia/Tehran
  • اسلامی ملکوں کے وزرائے خارجہ کو علی باقری کا تہنیتی پیغام

ایران نے عید الاضحی کے موقع پر اسلامی ملکوں کے نام اپنے تہنیتی پیغام میں فلسطین کے مظلوم عوام کو یاد کیا ہے۔

سحرنیوز/ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کے نگراں وزیر خارجہ علی باقری نے اسلامی ملکوں کے وزرائے خارجہ کے الگ الگ پیغامات میں عید الاضحی کی مبارک باد پیش کی۔ انہوں نے اپنے اس پیغام میں دنیا میں امن و انصاف کے قیام کے لئے اسلامی ملکوں کی ذمہ داریوں کا ذکر کیا ہے اور کہا ہے کہ عید الاضحی تمام اسلامی ملکوں کے لئے ایک مبارک دن ہے لیکن مقبوضہ فلسطین کے مسلمان آٹھ مہینوں سے عالمی اداروں کی خاموشی اور مغربی ملکوں کی حمایت کے ساتھ صیہونی حکومت کے بدترین اور بے حد وحشیانہ حملوں کا شکار ہو رہے ہيں۔
علی باقری نے مزید کہا کہ غزہ پٹی کے مسلمان ایسے حالات میں نماز عید ادا کر رہے ہيں کہ سفاک صیہونی حکومت نے انکے مکانات اور مساجد کو تباہ کر دیا اور اس علاقے کے عوام اس سال عید الاضحیٰ کے موقع پر اپنی یا اسماعیل نما اپنے بچوں کی شہادت کے منتظر ہيں۔
ایران کے نگراں وزیر خارجہ نے اپنے پیغام میں لکھا ہے: ایسے حالات میں کہ جب نسل پرست صیہونی حکومت کے سامنے فلسطینی قوم کی مظلومانہ استقامت نے، فلسطین کے مسئلے کو دنیا کا سب سے اہم مسئلہ بنا دیا ہے، اسلامی ملکوں اور دنیا بھر کے حریت پسندوں کا یہ فریضہ ہے کہ وہ صیہونی حکومت کے جرائم کی وسیع پیمانے پر مذمت کرتے ہوئے اس کا بائیکاٹ کریں۔

ٹیگس