آئی سی ٹی کے غلط استعمال کی روک تھام پر زور
اقوام متحدہ میں ایران کے سفیر اور مستقل نمائندے نے حکومتوں پر زور دیا کہ وہ انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی آئی سی ٹی کی ترقی کو اقتصادی، سیاسی یا دیگر جبری اقدامات کے اوزار کے طور پر استعمال نہ کریں۔
سحرنیوز/ایران: اقوام متحدہ میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر اور مستقل نمائندے امیر سعید ایروانی نے یو این سلامتی کونسل کے اجلاس میں انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی آئی سی ٹی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے اس کو عالمی مواصلات، تجارت اور نظم و نسق کا ایک لازمی حصہ قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ ٹیکنالوجیز بے پناہ مواقع پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ ابھرتے ہوئے خطرات بھی لاتی ہیں۔بین الاقوامی امن اور سلامتی کا تحفظ اور سائبر اسپیس میں ابھرتے ہوئے خطرات کا مقابلہ کے زیر عنوان سلامتی کونسل کا اجلاس جمعرات کی شام منعقد ہوا۔
اقوام متحدہ میں ایران کے سفیر نے یہ بیان کرتے ہوئے کہ آئی سی ٹی کے ماحول میں ابھرتے ہوئے خطرات سے نمٹنے کے لیے کثیرالجہتی نقطہ نظر کی ضرورت ہے، کہا کہ ایران سائبر حملوں کا اہم ہدف رہا ہے ایران کے بنیادی ڈھانچے کو اس سے اب تک کافی نقصان پہنچ چکا ہے، جس سے عوامی خدمات اور سرکاری کاموں میں نمایاں طور پر خلل پڑا ہے۔
ایروانی نے مزید کہا کہ آئی سی ٹی کو اس طرح فروغ پانا چاہئے کہ اس سے اپنی ترقی، نظم و نسق اور آئی سی ٹی ماحول سے متعلق حکومتوں کے حقوق متاثر نہ ہوں۔