Jun ۲۵, ۲۰۲۴ ۱۷:۴۱ Asia/Tehran
  • ایٹمی معاہدے کی بحالی کے لئے صادقانہ گفتگو پر زور، اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب

اقوام متحدہ میں اسلامی جمہوریہ ایران کے مستقل مندوب نے واضح کردیا ہے کہ صادقانہ گفتگو اور تعمیری تعاون، جامع ایٹمی معاہدے کی بحالی کی واحد راہ ہے۔

سحرنیوز/ایران: اقوام متحدہ میں اسلامی جمہوریہ ایران کے مستقل مندوب امیر سعید ایروانی نے ایٹمی معاہدے اور قرارداد بائیس اکتیس پر عمل درآمد کے بارے میں سلامتی کونسل کے اجلاس میں کہا ہے کہ دباؤ اور دھونس دھمکیوں سے کوئی مسئلہ حل نہیں ہوگا اور اس قسم کے حربے صرف ناکامی پر منتج ہوتے رہے ہیں۔ انہوں نے تاکید کی کہ جوہری ہتھیاروں کی مخالفت میں اسلامی جمہوریہ ایران کی اصولی پالیسی اور پرامن مقاصد میں ایٹمی توانائی کے استعمال کا مضبوط عزم بدستور جاری ہے اور ہم ہمیشہ مذاکرات و سفارت کاری پر زور دیتے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایٹمی معاہدہ نہایت مشکلات سے گزرنے کے بعد چند جانبہ سفارتی طریقہ کار سے حاصل ہوا جس سے ایک بے جا بحران کو روکا جا سکا اور یہی بہترین راہ حل بھی رہا جس کا کوئی متبادل نہیں ہے اور ایٹمی معاہدہ سب کے مفاد میں ہے۔
ایروانی نے کہا کہ ایران نے مذاکرات سے کبھی روگردانی نہیں کی ہے اور ایٹمی معاہدے کی بحالی کے لئے مذاکرات کے دوبارہ آغاز کے لئے صداقت کے ساتھ اپنی آمادگی و دلچسپی کا اظہار کیا ہے اور وہ ایٹمی معاہدے کی بحالی کےساتھ اس پر مکمل طور پر عمل درآمد کے لئے آمادہ ہے۔ امیر سعید ایروانی نے کہا کہ تمام فریقوں کو اس بات کو تسلیم کرنا ہوگا کہ انہیں بروقت موثر طور پر اپنے وعدوں پر عمل کر کے اپنی صداقت کا مظاہرہ کرنا ہے اور اس کام کے لئے حقیقی سیاسی عزم و ارادے کی ضرورت ہے۔

ٹیگس