مدافعین حرم نے خطے پر قبضہ کرنے کی سازش کو ناکام بنا دیا: رہبر انقلاب اسلامی
رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا ہے کہ مدافعین حرم نے خطے پر قبضہ جمانے اور ایران پر اقتصادی، سیاسی، نظریاتی اور مذہبی دباؤ ڈال کر اسلامی حکومت کے خاتمے کی سازش کو ناکام بنا دیا ہے۔
سحر نیوز/ ایران: شہدائے مزاحمت اور مدافعین حرم میموریل کانفرنس کے منتظمین سے خطاب کرتے ہوئے رہبر انقلاب اسلامی آیت آللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فرمایا کہ دشمن نے خطے پر قبضہ اور ایران پر اقتصادی اور سیاسی اور نظریاتی اور مذہبی دباؤ ڈال کر اسلامی نظام کو ختم کرنے کا منصوبہ بنایا تھا جسے مدافعین حرم نے ناکام بنا دیا۔
رہبر انقلاب اسلامی نے مدافعین حرم اور مزاحمتی محاذ کے تمام شہداء بالخصوص جنرل شہید قاسم سلیمانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے دفاع حرم کو اہلبیت کی تعلیمات کے دفاع کا نمایاں پہلو قرار دیا۔
آپ نے فرمایا کہ مکتب اہلبیت علیہم السلام کے بلند و بالا افکار منجملہ انصاف، آزادی، ظالم کے خلاف جنگ اور راہ خدا میں ایثار و فداکاری کو شروع ہی سے پاک طینت لوگوں کے درمیان پذیرائی ملی ہے۔
رہبر انقلاب اسلامی نے غزہ کے عوام کے دفاع میں امریکی طلباء تحریک کو دنیا میں پاک ضمیروں کی موجودگی کی مثال قرار دیتے ہوئے فرمایا کہ مدافعین حرم کے پیغام کو، جو دراصل انسانیت کے دفاع کا پیغام ہے، دنیا کے پاکیزہ ضمیر لوگوں تک پہنچانے کی ضرورت ہے۔
واضح رہے کہ شہدائے مزاحمت اور مدافعین حرم میموریل کانفرنس کے منتظمین نے انیس جون کو رہبر انقلاب اسلامی سے ملاقات کی تھی، اس موقع پر آپ کے خطاب کا متن آج سنیچر انتیس جون کی صبح مشہد مقدس میں مذکورہ کانفرنس کے دوران پڑھ کر سنایا گیا۔