ایران سمیت 45 ملکوں میں عالمی یوم علی اصغر
کربلا کے شیر خوار حضرت علی اصغر علیہ السلام کی یاد میں عالمی یوم علی اصغر آج جمعے کو دنیا کے پینتالیس ملکوں میں چھے ہزار مقامات پر منایا جا رہا ہے۔
سحرنیوز/ایران: اسلامی جمہوریہ ایران سمیت ہندوستان اور پاکستان اور دنیا کے مختلف ملکوں میں کربلا کے شیر خوار کی یاد میں عالمی یوم علی اصغر علیہ السلام بھرپور طریقے سے منایا جا رہا ہے جس میں خواتین کی کثیر تعداد اپنے شیر خوار بچوں کے ہمراہ شریک ہیں۔ اسی مناسبت سے ایک پروگرام مصلی تہران یعنی امام خمینی عیدگاہ میں منعقد ہوا ہے جس میں خواتین اپنے بچوں کو آغوش میں لے کر شریک ہوئی ہیں۔ اس موقع پر ماؤں نے اپنے بچوں کو سبز لباس پہنا رکھا ہے اور ان کی پیشانیوں پر پٹی بندھی ہے جس پر یا علی اصغر، لبیک یا امام زماں (عج) لکھا ہوا ہے اورخواتین اپنے بچوں کو راہ امام زماں (عج) میں قربان کرنے کا عہد کر رہی ہیں۔
واضح رہے کہ دنیا بھرمیں محرم الحرام کے پہلے جمعہ کو عالمی یوم حضرت علی اصغرکے عنوان سے منایا جاتا ہے۔اس موقع پر یوم عاشور کو میدان کربلا میں شہید ہونے والوں خاص طور سے طفل شیر خوار، علی اصغر علیہ السلام کی یاد منائی جاتی ہے۔ عالمی یوم علی اصغر علیہ السلام کے پروگرام ایران، عراق، ہندوستان، پاکستان، سعودی عرب، ترکی، افغانستان سمیت دنیا کے پینتالیس ملکوں میں چھے ہزار مقامات پر منعقد کئے گئے ہیں۔