دنیا بھر کے حریت پسندوں کا پرچم آج ہمارے کاندھوں پر ہے: ایران کے نومنتخب صدر
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈروں نے ایران کے نومنتخب صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات کی۔
سحر نیوز/ ایران: ایران کے نومنتخب صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے سوشل میڈیا چینل ایکس پر سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے سینئر کمانڈروں سے ملاقات کی خبر دی ۔ منتخب صدر نے ایکس پر لکھا کہ سپاہ کے محترم بھائیوں سے آج کی ملاقات میں سیدالشہداء حضرت امام حسین علیہ السلام کا پرچم بطور تحفہ حاصل کیا۔
منتخب صدر پزشکیان نے کہا کہ دنیا بھر کے حریت پسندوں کا پرچم آج ہمارے کاندھوں پر ہے ۔ اس پرچم کا علمبردار بنے رہنے کے لئے حضرت عباس ع کی مانند انصاف پسندی ، وفاداری ، ایثار اور ادب چاہئے۔
اس سے پہلے اسلامی جمہوریہ ایران کے نومنتخب صدر نے اپنے ایک مقالے میں فلسطین اور غاصب صیہونی حکومت کے تعلق سے اپنی حکومت کی پالیسی کے بارے میں لکھا تھا کہ ہم پہلے اقدام کے طور پر پڑوسی عرب ممالک سے تعاون کی اپیل کریں گے تاکہ تمام سیاسی و سفارتی وسائل سے استفادہ کرتے ہوئے غزہ جنگ بند اور عوام کا قتل عام رکوایا جائے اور جنگ کو بڑھنے سے روکا جائے۔
ایران کے منتخب صدر نے چین اور روس کے ساتھ تعاون کے فروغ کا استقبال کرتے ہوئے کہا کہ چین اور روس ہماررے مشکل دنوں کےدوست اور حامی رہے ہیں ۔
ایران کے منتخب صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے زور دے کر کہا کہ ایٹمی ہتھیار بنانا ایران کے دفاعی ڈاکٹرائن میں شامل نہيں ہے اور امریکی حکومت ایران کے بارے میں ماضی کے اپنے غلط اندازوں سے عبرت حاصل کرے اور اس کے مطابق نئی پالیسی اختیار کرے۔