تاسوعائے حسینی پر سیاہ پوش ایران اسلامی غم و اندوہ میں غرق + ویڈیو
آج ایران میں تاسوعائے حسینی یعنی نو محرم الحرام کے روایتی جلوس ہائے عزا نکالے جا رہے ہيں۔
سحرنیوز/ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں آج پیر کےدن نویں محرم الحرام کی مناسبت سے سید الشہدا حضرت امام حسین علیہ السلام اور آپ کے باوفا ساتھیوں کی عزاداری کا سلسلہ جاری ہے۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں حضرت امام حسین علیہ السلام کے بھائی اور علمدار کربلا حضرت عباس علیہ السلام کے علم اور ماتمی جلوس نکالے جارہے ہیں جن میں عزاداروں کی بہت بڑی تعداد شریک ہے۔ ایران کے عوام ملک بھر کے امام بارگاہوں، مساجد، خصوصا مشہد مقدس میں حضرت امام رضا علیہ اور قم المقدس میں حضرت فاطمہ معصومہ علیھاالسلام کے روضہ ہائے اقدس میں عزاداری میں مصروف ہیں۔
واضح رہے کہ ہندوستان، پاکستان اور عراق میں آج آٹھ محرم الحرام ہے اور ان ملکوں میں بھی روایتی جلوسہائے عزا برآمد ہوئےہيں۔ حضرت امام حسین علیہ السلام اور آپ کے باوفا ساتھیوں کی شہادتوں اور واقعہ کربلا کو صدیاں گزر جانے کے باوجود نہ صرف اس واقعے کی اہمیت میں کمی نہیں آئی ہے بلکہ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ عاشور کے پیغام کا دائرہ پھیلتا جا رہا ہے اور سید الشہدا حضرت امام حسین علیہ السلام کی عزاداری میں لوگوں کی شرکت میں اضافہ ہی ہوتا جا رہا ہے۔