پیرس اولمپکس میں ایرانی خاتون کی شاندار کارکردگی، صدر مملکت نے دی مبارکباد
صدر مملکت نے قومی تائیکوانڈو ٹیم کی رکن ناہید کیانی کو اولمپکس میں ایرانی خواتین کی تاریخ کا بہترین تمغہ جیتنے پر مبارکباد پیش کی۔
سحرنیوز/ایران: سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر صدر ایران ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے لکھا کہ ناہید کیانی نے ایرانی خواتین کے کھیلوں کے لیے ایک نئی تاریخ رقم کی۔صدر ایران نے ایران کی قومی تائیکوانڈو ٹیم کی 57 کیلو کیٹیگری کی قومی کھلاڑی ناہید کیانی کو 2024 کے پیرس اولمپکس میں چاندی کا تمغہ جیتنے پر مبارکباد دی۔
انہوں نے لکھا کہ میری پیاری بیٹی، ناہید کیانی، اولمپکس میں آپ کی کاوشیں قابل تعریف ہیں، آپ نے ایرانی خواتین کے کھیلوں میں ایک نئی تاریخ رقم کی ہے۔ میں آپ کو اور ایران کے تمام لوگوں کو اولمپک میں چاندی کا قیمتی تمغہ جیتنے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
ناہید کیانی نے پہلے بلغاریہ سے تعلق رکھنے والی کیمیا علی زادہ کے خلاف ایک اہم میچ جیتا اور پھر کوارٹر فائنل میں ان کا مقابلہ تیونس سے تعلق رکھنے والی 10ویں رینک کی شیما تومی سے ہوا اور اہم مقابلے میں انہوں نے اس مقابلے کو 2-1 سے جیت لیا اور سیمی فائنل میں پہنچ گئی۔
ایران کی تائیکوانڈو ٹیم کی کھلاڑی کا سیمی فائنل میں لبنان سے تعلق رکھنے والی لتیتا آون سے مقابلہ ہوا اور مسلسل دو راؤنڈ جیتے ہوئے ایران کی پہلی خاتون ایتھلیٹ کی حیثیت سے دنیا کے سب سے بڑے کھیلوں کے ایونٹ کے فائنل میں جگہ بنانے میں کامیاب رہیں۔
فائنل میں ناہید کیانی کا مقابلہ جنوبی کوریا کی "یو کم جن" سے ہوا جس میں انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا اور چاندی کے تمغے پر ہی اکتفا کرنا پڑا۔ اولمپکس میں ایرانی خواتین کی کھیلوں کی تاریخ کا یہ بہترین تمغہ ہے۔
اس وزن میں کینیڈا کی پارک سکلر اور بلغاریہ کی کیمیا علی زادہ نے کانسی کا تمغہ جیتا۔