Aug ۱۲, ۲۰۲۴ ۱۸:۱۰ Asia/Tehran
  • صیہونیوں کی ناکامیوں کا ازالہ ممکن نہيں، ترجمان وزارت خارجہ

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ صیہونیوں کے جرائم اور ان کے ہاتھوں فلسطینیوں کے بہیمانہ قتل عام کے باوجود، طوفان الاقصی آپریشن کے شروع ہونے کے بعد سے صیہونی حکومت کو ملنے والی اسٹریٹجک ناکامیوں کا ازالہ ناممکن ہے۔

سحر نیوز/ ایران:اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے ایکس سوشل نیٹ ورک پر لکھا ہے کہ صیہونیوں کے ہاتھوں فلسطینیوں کے اجتماعی قتل عام نے غاصب صیہونی حکومت کی حقیقی ماہیت اور اس سفاک حکومت کے حامیوں کے حقیقی چہرے اور ان کے انسانی حقوق کے جھوٹے دعووں کی قلعی کھول دی ہے-

ناصر کنعانی نے مزید کہا کہ صیہونی حکومت کی روز افزوں درندگی کہ جو امریکہ اور بعض مغربی ملکوں کی براہ راست حمایت سے انجام پا رہی ہے ، اس جعلی حکومت کے اضمحلال اور اس کی تباہی کے خطرے سے خوفزدہ ہونے کی علامت ہے۔

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ خطے اور دنیا میں جارح صیہونی حکومت کے خلاف عالمی سطح پر بڑھتے ہوئے غم وغصے کے باعث اسرائیلی حکومت کے لئے سانس لینے کی جگہ بھی دن بدن تنگ ہوتی جا رہی ہے اور اسرائیلی معاشرے اور حکام میں مایوسی پھیل رہی ہے۔

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ اس غیر مساوی جنگ میں فتح فلسطینی قوم کی ہے۔ ایسے میں مصیبت زدہ ، غمگین اور صابر قوم کو یہی کہہ کر تسلی دی جائے کہ تھوڑا صبر کرو سحر قریب ہے۔

 

ٹیگس