Sep ۱۲, ۲۰۲۴ ۱۰:۲۸ Asia/Tehran
  • مشترکہ عالمی خطرات کے مقابلے کےلئے برکس کا مخصوص سیکورٹی ادارہ قائم کرنے کی  ایران کی تجویز

اسلامی جمہوریہ ایران کی اعلی سلامتی کونسل کے سیکریٹری نے مشترکہ عالمی خطرات کا مقابلہ کرنے کے لئے " برکس سیکورٹی کمیشن" کے نام سے اس تنظیم کے ایک مخصوص سیکورٹی ادارے کی تجویز پیش کی ہے۔

سحرنیوز/ایران: ارنا کے مطابق ایران کے اعلی سلامتی کونسل کے سیکریٹری علی اکبر احمدیان نے بدھ گیارہ ستمبر کو سینٹ پیٹرز برگ میں برکس کے اعلی سیکورٹی عہدیداروں کے اجلاس سے خطاب میں برکس تنظیم کی اہمیت اور برکس سے مختص سیکورٹی ڈھانچے کی تشکیل کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی معاملات اور طاقت کے نئے بین الاقوامی توازن کے حوالے سے برکس کی اہمیت اور اس کا کردار ناقابل انکار ہے۔ ایران کی اعلی سلامتی کونسل کے سیکریٹری نے کہا کہ آج دنیا اس تلخ حقیقت سے دوچار ہے کہ امریکا اور اس کے بعض یورپی اتحادی ، اقتصاد اور ٹیکنالوجی کے میدان میں اپنی ناتوانی کی تلافی دہشت گردی، پابندیوں اور ملکوں کے درمیان کشیدگی بڑھا کر کرنے میں کوشاں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امریکا اور اس کے یورپی اتحادیوں کی اس کوشش کی وجہ سے عالمی امن وسلامتی خطرے میں پڑگئی ہے اور عالمی سیکورٹی اور سیاسی ادارے نا کارآمد ہوگئے ہیں۔ ڈاکٹر احمدیان نے کہا کہ عالمی امن و سلامتی کو کمزور کرنے والے یہی ممالک خود بھی سیکورٹی کے حوالے سے نئے معاہدوں کی فکر میں ہیں لیکن بنیادی مشکل یہ ہے کہ موجودہ عالمی نظام ظلم اور بے انصافی پر قائم کیا گیا ہے اور اس میں دنیا کے بہت سے ملکوں اور اقوام کے مفادات اور سلامتی کو نظرانداز کیا گیا ہے۔
اسلامی جہموریہ ایران کی اعلی سلامتی کونسل کے سیکریٹری نے مزید کہا کہ اس وقت دنیا کو ہر دور سے زیادہ امن وآشتی کی ضرورت ہے لیکن امریکا اور اس کے اتحادی، سائنس و ٹیکنالوجی سے ملکوں کی خودمختاری اور ان کے اقتدار اعلی کی نفی نیز دہشت گردی کے فروغ کے لئے استفادہ کررہے ہیں۔ ڈاکٹر احمدیان نے کہا کہ برکس کے اراکین باہمی اقتصادی تعاون کے فروغ کے ساتھ ہی عالمی سطح پر ایک نیا سیکورٹی نظام قائم کرسکتے ہیں۔

ٹیگس