تہران میں 38 ویں بین الاقوامی وحدت اسلامی کانفرنس کا آغاز
اڑتیسویں بین الاقوامی وحدت اسلامی کانفرنس "مسئلہ فلسطین پر تاکید کے ساتھ مشترکہ اقدار کے حصول کے لیے اسلامی تعاون " کے موضوع پر تہران کے سربراہی اجلاس ہال میں شروع ہو گئی ہے۔
سحرنیوز/ایران: ایران پریس کے مطابق اڑتیسویں وحدت اسلامی بین الاقوامی کانفرنس صدر مملکت مسعود پزشکیان کی افتتاحی تقریب سے شروع ہوگئی جس میں قومی اور عسکری شخصیات نیز اسلامی ممالک کے دانشور اور ممتاز شخصیات شریک ہیں۔ اس سربراہی اجلاس کے آن لائن ویبنرز اتوار (چودہ ستمبر) کو شروع ہوئے جو اتوار (بائیس اکتوبر) تک جاری رہیں گے۔
دوسو تیس سے زائد علمائے کرام اور ممتاز ثقافتی شخصیات نے بھی آن لائن ویبینرز کی صورت میں تقریریں کی ہیں۔مجموعی طور پر چھتیس ممالک کے ایک سو چوالیس غیر ملکی اسکالرز اور دانشور حضرات نو ویبنرز اور نوے اسکالرز اور ثقافتی شخصیات چھ ویبنرز میں اظہار خیال کر رہے ہیں۔
کانفرنس کے سیکرٹریٹ میں تین سو تیرہ سے زائد مقالے پہنچ چکے ہیں جن میں سے چوالیس مقالے سترہ بیرونی ممالک سے ہیں اور کانفرنس کے یہ مقالات کتابچے کی صورت میں شائع ہوں گے۔ اس کے علاوہ اس سال کے سربراہی اجلاس میں عالم اسلام کے اتحاد پر بارہ کتابوں کی رونمائی کی جائے گی۔