Oct ۲۲, ۲۰۲۴ ۰۸:۱۵ Asia/Tehran
  • پاکستان کے صوبہ سندھ کی مسجد امام حسین(ع) کے لئے حرم امام رضا(ع) کا پرچم ہدیہ

حرم امام رضا(ع) کے قرآنی علوم کے سینٹر کی جانب سے پاکستان کے صوبہ سندھ کے شہر دادو میں واقع مدرسہ اور مسجد امام حسین علیہ السلام میں منعقد کئے جانے والے قرآنی دروس کے لئے حرم امام رضا(ع) کا متبرک پرچم تحفے کے طور پر دیا گیا۔

سحرنیوز/ایران: آستان نیوز کی رپورٹ کے مطابق؛ صوبہ سندھ کے شہر دادو میں واقع مدرسہ اور مسجد امام حسین(ع) میں آستان قدس رضوی کی قرآنی سرگرمیوں کو نمونہ قرار دیتے ہوئے قرآنی کلاسز منعقد کی جارہی ہیں جس کے پرنسپل ممتاز عالم دین ’’شفقت علی فائزی‘‘ صاحب ہیں۔ انہیں ان قرآنی کلاسزز کے لئے حرم امام رضا(ع) کا متبرک پرچم تحفے کے طور پر دیا گیا ہے۔ مولانا شفقت علی فائزی نے آستان نیوز کے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حضرت امام علی رضا علیہ السلام کی زیارت اور قرآنی تعلیمات کا فروغ بہت بڑی سعادت ہے جو خدا نے ہمیں نصیب کی ہے۔ اس مسجد میں تلاوت قرآن کریم کی محافل اور قرآنی کلاسز کا انعقاد کیا جاتا ہے جن میں اہلسنت بھائی بھی شریک ہوتے ہیں اور قرآن کے سائے میں سب مل کر اتحاد و یکجہتی کا ثبوت دیتے ہیں۔ انہوں نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ پوری امت مسلمہ کو قرآن و عترت پیغمبر(ص) کے سائے میں رہنا چاہیے کہا کہ قرآن ایک الہی نظام ہے اس لئے انسان کو قرآنی تعلیمات کے مطابق زندگی گزارنی چاہیے۔
انہوں نے مزید یہ کہا کہ حضرت امام علی رضا علیہ السلام قرآن ناطق ہیں، حرم امام رضا(ع) میں قرآن صامت اور قرآن ناطق دونوں ہیں یعنی نور خدا اور کلام خدا دونوں ایک جگہ اکھٹے ہیں، امام رضا(ع) کا فرمان ہے کہ قرآن کے کلام میں ہمیشہ تازگی پائی جاتی ہے یہ الہٰی کتاب کسی خاص زمانے یا کسی خاص مکان سے مخصوص نہیں ہے بلکہ ہر زمانے کے لئے ہے، خدا کا کلام، نور ہے اور نور کبھی بھی پرانا نہیں ہوتا۔ مولانا فائزی کا کہنا تھا کہ زائر امام رضا(ع) قرآن پڑھ کر امام رضا(ع) سے متوسل ہوتا ہے۔
گفتگو کے اختتام پر مسجد امام حسین کے پرنسپل مولانا فائزی نے کہا کہ انشاء اللہ خداوند متعال کے لطف و کرم سے ہم، بچوں کے لئے آستان قدس رضوی کے قرآنی دروس اور کلاسوں کو اپنے مدرسے میں نمونہ بنا کر تعلیم قرآن اور حفظ قرآن کی کلاسز کا انعقاد کریں گے، اور شیعیان اہلبیت اور اہلسنت بھائیوں کے ساتھ مل کر قرآن کریم کی تلاوت کی محافل کے انعقاد کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔

ٹیگس