Nov ۰۲, ۲۰۲۴ ۰۸:۴۸ Asia/Tehran
  • ایران پر صیہونی جارحیت کا جواب مناسب وقت پر دیا جائے گا، ایران کی خارجہ روابط کی اسٹریٹیجک کونسل کے چیئرمین

اسلامی جمہوریہ ایران کی خارجہ روابط کی اسٹریٹیجک کونسل کے چیئرمین نے صیہونی جارحیت کے جواب کو یقینی بتایا ہے۔

سحرنیوز/ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کی خارجہ روابط کی اسٹریٹیجک کونسل کے چیئرمین نے المیادین ٹی وی کے ساتھ بات چیت میں ایرانی میزائلوں کی مار کی رینج میں اضافے کا امکان ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ایران صیہونی جارحیت کا جواب مناسب وقت پر اور مناسب شکل میں ضرور دے گا۔ کمال خرازی نے کہا ہے کہ غزہ اور لبنان کے خلاف جنگ کے تعلق سے صیہونی حکومت نے اندازوں کی غلطیاں کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صیہونی حکام سمجھ رہے تھے کہ وہ غزہ اور لبنان پر حملے سے حماس اور حزب اللہ کو ختم کرسکتے ہیں۔
سید کمال خرازی نے کہا کہ وہ سمجھ رہے تھے کہ حماس اور حزب اللہ کے لیڈران کی شہادت سے یہ عوامی تحریکیں دب جائيں گی، یہ ان کی اندازے کی غلطی تھی۔ انہوں نے کہا کہ خود اسرائيل سیٹ اپ کے اندر بھی بہت سے لوگ اندازوں کی اس غلطی کا اعتراف کررہے ہیں۔ ایران کی خارجہ روابط کی اسٹریٹیجک کونسل کے چیئرمین نے کہا کہ استقامت اور حریت پسندی کو فوجی کارروائیوں کے ذریعے نہیں ختم کیا جاسکتا۔ سید کمال خرازی نے اس انٹرویو میں حزب اللہ کی قیادت کے لئے شیخ نعیم قاسم کے انتخاب کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کی کامیابی کی آرزو کی اور کہا کہ یقینا حزب اللہ ان کی قیادت میں پوری طاقت سے اپنا کام جاری رکھے گی۔

ٹیگس