ایران میں شیعہ اور سنی کا کوئی مسئلہ نہیں، ہم سب ایک اور متحد ہیں: زاہدان کی مکی مسجد کے امام جماعت مولوی عبدالحمید
مولوی عبدالحمید اسماعیل زہی نے آج دوپہر کو سیستان و بلوچستان کے گورنر کے اعزاز اور تعارف کی تقریب میں شرکت کی جس میں اہم عسکری اور سیاسی شخصیات، علمائے کرام اور پارلیمنٹ کے نمائندوں نے شرکت کی۔
سحر نیوز/ ایران: زاہدان کی مکی مسجد کے امام جماعت مولوی عبدالحمید اسماعیل زہی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیستان و بلوچستان کے تمام لوگ ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں، وہ پوری تاریخ میں ایک دوسرے کے شانہ بشانہ رہے، یہاں شیعہ اور سنی کا مسئلہ بالکل نہیں ہے، قومیت کا موضوع اہم مسئلہ نہیں ہے، ہم سب ایک اور متحد ہیں ۔
اہلسنت عالم دین نے کہا کہ اگر صوبے اور ملک میں کچھ ہوتا ہے تو ہم سب پریشان ہو جاتے ہیں ۔ سیستان و بلوچستان کے لوگ سمجھدار ہیں، ان میں اتحاد ہے، وہ اختلافات کو قبول نہیں کرتے، اور جو بھی اختلاف پھیلاتا ہے، وہ اسے نہ فقط پسند نہیں کرتے بلکہ اسے اپنے سے جدا سمجھتے ہیں۔
زاہدان کی مکی مسجد کے امام جماعت نے کہا کہ مستقبل میں اس علاقے سے اچھی خبریں سننے کو ملیں گی اور لوگ ایک ساتھ ہوں گے۔
واضح رہے کہ منصور بیجار نے آج ایران کے صوبے سیستان و بلوچستان کے نئے گورنر کی ذمہ داریاں سنبھالیں ۔ نئے گورنر سنی مسلمان ہیں اور ان کا تعلق بلوچ قوم سے ہے۔