دمشق کے رہائشی علاقوں پر صیہونی حکومت کی بمباری کی مذمت، ایرانی وزارت خارجہ
ایران کے ترجمان وزارت خارجہ نے دمشق کے رہائشی علاقوں پر غاصب صیہونی حکومت کے وحشیانہ حملوں کی جس میں دسیوں شامی اور فلسطینی شہری شہید اور زخمی ہوگئے سخت مذمت کی ہے
سحرنیوز/ایران: ارنا کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے دمشق پر غاصب صیہونی حکومت کے وحشیانہ حملوں میں شہید ہونے والوں کے لواحقین کو تعزیت پیش کی ہے اور زخمیوں کی جلد سے جلد شفا کی دعا کی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ وہ غاصب صیہونی حکومت کے وحشیانہ حملوں کی سخت مذمت کرتے ہیں جن میں شام اور فلسطین کے درجنوں عام شہری شہید اور زخمی ہوگئے، اور بنیادی ڈھانچے منجملہ، سڑکیں، پل، اور شام اور لبنان کو ملانے والی شاہراہیں تباہ ہوگئيں۔
ترجمان وزارت خارجہ اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ صیہونی حکومت کے جرائم اور جارحیتوں کا دائرہ پڑوسی ملکوں تک پھیل جانا اور شام کی ارضی سالمیت نیز قومی اقتدار اعلی کی مسلسل خلاف ورزیاں، اقوام متحدہ کے منشور کے مطابق کھلی جارحیت شمار ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ صیہونی حکومت کی ان وحشیانہ جارحیتوں کو روکنے کے لئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو فوری طور پر بلا تاخیر ضروری اقدام کرنا چاہیے۔ اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے غیر فوجی بنیادی ڈھانچوں پر غاصب صیہونی حکومت کے جارحانہ حملے جاری رہنے اور بے گناہ عوام، عورتوں اور بچوں کے اجتماعی قتل عام کا سلسلہ جاری رہنے کے نتائج کی بابت خبردار کیا ہے۔