Dec ۰۲, ۲۰۲۴ ۱۴:۲۲ Asia/Tehran
  • ایرانی وزیر خارجہ: ایران اور مزاحمتی محاذ شام کی حمایت کرتے ہیں/ ترکیہ  اور ہمارے مشترکہ تحفظات ہیں

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ ایران اور مزاحمتی محاذ دہشت گردوں کے خلاف شام کی حمایت کر رہے ہیں اور ترکیہ کے ساتھ ہمارے مشترکہ تحفظات ہیں۔

سحرنیوز/ایران:  انہوں نے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ باہمی افہام و تفہیم سے علاقائی استحکام حاصل کرلیں گے۔

2 دسمبر2024 بروز پیر، ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے صحافیوں کے ساتھ ایک انٹرویو میں کہا کہ دمشق کا دورہ بہت اچھا رہا اور شام کے صدر بشار اسد سے بہت تفصیلی ملاقات کی جس میں شام اور موجودہ علاقائی پیش رفت کے حوالے سے بہت سے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔

عراقچی نے کہا کہ حالات مشکل ہیں لیکن جو بات باعث اطمینان ہے وہ تکفیری دہشت گردوں کی اس تازہ ترین سازش کے خلاف شام کی حکومت کا ولولہ، مزاحمت اور پائیداری ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں نے واضح طور پر جناب بشار اسد، شامی حکومت، شامی فوج اور شامی عوام کے لیے اسلامی جمہوریہ ایران کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے۔ ماضی میں اس سے بھی زیادہ مشکل وقت آئے جب داعش اور دیگر مختلف گروہوں نے شام کو خانہ جنگی میں گھسیٹا لیکن ان کا مقابلہ کیا گیا اور اب انہیں ایک بار پھر موقع مل گیا ہے اور وہ سمجھتے ہیں کہ لبنان اور فلسطین پر صیہونی حکومت کی جارحیت کی وجہ سے پیدا ہونے والے حالات کے نتیجے میں دوبارہ سر اٹھا سکتے ہیں۔

ایران کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ ترکیہ کے ساتھ ہمارے مشترکہ تحفظات ہیں اور ہم امید کرتے ہیں کہ باہمی افہام و تفہیم سے علاقائی استحکام حاصل کرلیں گے۔

ٹیگس