Dec ۰۶, ۲۰۲۴ ۲۰:۰۷ Asia/Tehran
  • عراقچی: دہشت گردی کو جڑ سے ختم نہ کیا گیا تو شام دہشت گردی کے اڈے میں تبدیل ہوجائے گا

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ اگر علاقے کے ملکوں نے دہشت گردی کو جڑ سے ختم کرنے کی کوشش نہ کی تو شام دہشت گردی کے اڈے اور دہشت گردوں کے لئے محفوظ پناہ میں تبدیل ہوجائے گا۔

سحرنیوز/ایران:  وزیر خارجہ سیدعباس عراقچی نے جمعے کو بغداد میں عراقی حکام کے ساتھ علاقے کے حالات پر تبادلہ خیال کیا۔

 انھوں نے جو جمعے کو بغداد پہنچے، اپنے اس دورے میں عراقی وزیر اعظم محمد شیاع السودانی سے بھی ملاقات کی ۔

 وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے اس ملاقات میں دہشت گردوں کے خلاف مہم ميں عراق اور شام کی حکومتوں کی علاقے کے سبھی ملکوں کی جانب سے حمایت اور مدد کی ضرورت پر زور دیا ۔

انھوں نے کہا کہ عراق کی حکومت اور عوام کو دہشت گردی کی لعنت پھیلنے کا بہت ہی تلخ تجربہ ہے اور بہت زیادہ فداکاریوں سے  دہشت گردی پر غلبہ پایا گیا تھا۔

 اس ملاقات میں عراق کے وزیر اعظم نے رہبر انقلاب اسلامی اور صدر ایران کی خدمت میں سلام پہنچانے کی درخواست کی اوروزیرخارجہ سید عباس عراقچی کے دورہ بغداد پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

انھوں نے کہا کہ ہم دہشت گردی کے خلاف جدوجہد کے دوران ایران کی  حمایت اور تعاون کو ہرگز فراموش نہیں کرسکتے۔

انھوں نے کہا کہ اس وقت علاقے کے حالات بدل رہے ہیں اور شام کی صورتحال بہت حساس ہوگئی ہے جس کے حوالے سے ایران اور عراق کے درمیان تبادلہ خیال اور ہم فکری بہت ضروری ہے ۔

عراق کے وزیر اعظم نے اسی کے ساتھ ، دہشت گرد گروہوں کو شکست دینے میں شام کے عوام اور حکومت کی مکمل حمایت اور مدد کے لئے اپنی حکومت کی  آمادگی کا اعلان کیا۔

ٹیگس