Dec ۰۸, ۲۰۲۴ ۱۷:۵۸ Asia/Tehran
  • شام کے مستقبل کے بارے میں فیصلہ کرنے کا اختیار صرف اس ملک کے عوام کو ہے: ایران

ایران شام میں امن و استحکام کی برقراری میں کسی بھی مدد سے دریغ نہیں کرے گا۔

 سحر نیوز/ ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ نے شام کے حالات کے حوالے سے، اس ملک کی وحدت، ارضی سالمیت اور اقتدار اعلی کے احترام پر مبنی اپنے اصولی موقف کو دہراتے ہوئے کہا ہے کہ شام کے مستقبل کے بارے میں فیصلہ کرنے کا اختیار صرف اس ملک کے عوام کو ہے۔

ایران کی وزارت خارجہ نے ایک بیان جاری کرکے کہا ہے کہ شام کے مستقبل کے حوالے سے، ہر طرح کی بیرونی تخریبی مداخلت کے بغیر فیصلہ کرنے کا اختیار صرف شام کے عوام کو ہے ۔ 

اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ اس مہم کے لئے ضروری ہے کہ دہشت گردانہ اقدامات روکے جائيں اور ایک ایسی ہمہ گیر حکومت کی تشکیل کے لئے کہ جس میں  سبھی شامی عوام کی نمائندگی ہو قومی مذاکرات شروع  کئے جائيں۔  

بیان میں کہا گیا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران شام میں سیاسی عمل کو آگے بڑھانے کے لئے اقوام متحدہ کی قرار داد 2254 کی بنیاد پر بین الاقوامی کوششوں کی ماضی کی طرح ، حمایت کرتا ہے اور اس سلسلے میں اقوام متحدہ کے ساتھ تعمیری تعاون جاری رکھے گا۔ 

ایرانی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ تاریخ کے اس اہم مرحلے میں، سبھی شامی باشندوں نیز شام میں موجود دیگر ملکوں کے شہریوں کی سلامتی اور مقدس مذہبی مقامات نیز بین الاقوامی قوانین کے مطابق سفارتی مراکز کی حفاظت بہت ضروری ہے۔

ٹیگس