صدر ایران کے 17 جنوری کو انجام پانے والے دورۂ ماسکو کی تفصیلات
روس میں تعینات ایران کے سفیر کاظم جلالی نے صدر مسعود پزشکیان کے 17 جنوری کو انجام پانے والے دورۂ ماسکو اور اس دوران دونوں ممالک کے مابین تعاون کے جامع معاہدے پر دستخط کی تفصیلات بیان کر دی ہیں۔
سحرنیوز/ایران: ماسکو میں ایران کے سفیر کاظم جلالی نے بتایا کہ 17 جنوری کو ماسکو میں دونوں صدور تعاون کے جامع معاہدے پر دستخط کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ تہران اور ماسکو کے تعلقات ہمسایہ ممالک ، علاقائی اور بین الاقوامی مسائل میں مشترکہ زاویۂ نگاہ کی بنیاد پر آگے برھ رہے ہیں۔
کاظم جلالی نے بتایا کہ تہران اور ماسکو کے تعلقات تاریخی ہیں تاہم ان روابط میں نشیب و فراز سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔ سیکورٹی مسائل، دفاعی معاملات ، ثقافتی اور اقتصادی موضوعات پر تہران اور ماسکو کے درمیان تعاون جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال دونوں ممالک کی مشترکہ تجارت میں 15 فیصد اضافہ متوقع ہے۔ ایران کے سفیر نے بتایا کہ صدر پزشکیان 17 جنوری کو ماسکو کا دورہ کریں گے جہاں ایران اور روس کے درمیان تعاون کے جامع معاہدے پر دستخط ہوں گے۔ کاظم جلالی نے زور دیکر کہا کہ صدر پزشکیان کا دورہ روس تاریخی اہمیت کا حامل ہونے جا رہا ہے۔