ایرانی تیل کی برآمدات میں اضافہ
مغربی پابندیوں کے باوجود ایران کی تیل کی برآمدات نہ صرف رکی نہیں ہے بلکہ ریکارڈ بھی قائم کیا ہے۔
سحرنیوز/ایران: فارس نیوز ایجنسی کے مطابق مغربی پابندیوں کے باوجود، ایران کی تیل کی برآمدات دوہزار چوبیس میں پانچ سو ستاسی ملین بیرل تک پہنچ گئی تھی، جو کہ دوہزار تیئیس کے مقابلے میں دس اعشاریہ ستاون فیصد زیادہ رہی- اس بات کا اعلان "یونائیٹیڈ اگینسٹ نیوکلیر ایران" یو اے این آئی نے کیا۔
یونائیٹیڈ اگینسٹ نیوکلیر ایران یو اے این آئی ایک ایسی تنظیم ہے جس نے حالیہ برسوں میں ایران کے ساتھ ملکوں کی تجارت کو ختم کرنے کی ہر ممکن کوشش کی ہے۔اس تنظیم نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ چین ایرانی تیل کا اہم خریدار ہے، اعتراف کیا ہے کہ ایرانی تیل کی برآمدات میں اضافہ اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ ایران اپنے تیل کی برآمدات جاری رکھنے کے لیے بین الاقوامی پابندیوں سے بچنے کی صلاحیت میں اضافہ کر سکتا ہے۔اس تنظیم نے یہ بھی اعتراف کیا کہ دوہزار چوبیس کے اعدادوشمار بتاتے ہیں کہ ایران تیزی سے اپنے اقدامات کو عملی جامہ پہنا رہا ہے۔
صہیونی لابی نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ ایران نے دوہزار چوبیس میں تیل کی نقل و حمل کے لیے، ایرانی تیل کی نقل و حمل میں حصہ لینے والے غیرملکی پرچم والے ٹینکروں پر پابندیاں عائد ہونے کے سبب اپنے ہی ٹینکرز پر زیادہ انحصار کیا۔