Feb ۱۲, ۲۰۲۵ ۱۸:۲۴ Asia/Tehran
  • ایرانی عوام نے ریلیوں اور قومی اتحاد کے ذریعے دشمن کی احمقانہ دھمکیوں کا جواب دے دیا ہے: رہبر انقلاب اسلامی

رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا ہے کہ دشمن کی احمقانہ دھمکیوں کا جواب وہ قومی اتحاد ہے جو ایرانی عوام نے اسلامی انقلاب کی سالگرہ پر نکالی جانے والی ریلیوں میں اپنی بھرپور شرکت سے دیا ہے۔

سحرنیوز/ایران: ایران کی وزارت دفاع اور مسلح افواج کے اعلی عہدے داروں، کارکنوں، قومی دفاعی صنعت کے ماہرین اور اس شعبے کے شہداء کے اہل خانہ نے آج رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای سے ملاقات کی۔ اس موقع پر رہبر انقلاب اسلامی نے اسلامی انقلاب کی سالگرہ پر منعقدہ ملک گیر ریلیوں میں عوامی شرکت کو سراہا۔ آپ نے فرمایا کہ دنیا میں کہیں بھی ایسی کوئی مثال نہیں ملتی کہ کوئی قوم اپنے ملک میں آنے والے انقلاب کا اتنے سال گزر جانے کے بعد سڑکوں پر اس طرح ریلیاں نکال کر جشن مناتی ہو۔ رہبر انقلاب نے فرمایا کہ ایرانی عوام نے بڑا کارنامہ انجام دیا ہے اور انہوں نے دشمن کی تباہ کن سرد جنگ اور انقلاب اسلامی اور بانی انقلاب اسلامی کے خلاف مسلسل پروپیگنڈے کے باوجود دنیا کو واضح پیغام دیا۔ رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ ایرانی عوام نے حقیقت میں ایک بڑا کارنامہ انجام دیا ہے اور دشمن کی مسلسل احمقانہ دھمکیوں کے باوجود اپنی شناخت، طاقت، استقلال اور استقامت کا بھرپور مظاہرہ کیا۔

آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای نے ملت اور ملک کی سلامتی کے دفاع کو بہت اہم قرار دیا اور فرمایا کہ ایران کی دفاعی طاقت کے آج چرچے ہیں، اسلامی انقلاب سے عقیدت رکھنے والے اس پر فخر کرتے ہیں اور دشمن اس سے ہراساں ہیں اور یہ حقیقت ایک ملک کے لیے اہم ہے۔ رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ ایک زمانہ تھا جب بین الاقوامی غنڈوں نے ملک کو درکار دفاعی اشیا کئی گنا قیمت پر بھی ایران کو فروخت نہیں کیں مگر اب وہی غنڈے ایران سے کہہ رہے ہیں کہ اپنا فوجی سازوسامان فروخت نہ کرے، اور "ہم نہیں بیچتے" اور "نہ بیچو" کے درمیان ایک بہت بڑی خلیج ہے جسے ہمارے ملک کے سائنس دانوں اور تربیت یافتہ نوجوانوں کی کوششوں کی بدولت پر دیا گیا۔

ٹیگس