ہم دشمن کے ہر حملے کا منہ توڑ جواب دیں گے: بریگیڈيئر جنرل حمید واحدی
ایرانی فوج کی فضائیہ کے کمانڈر نے کہا ہے کہ ہم دنیا کے تمام ممالک ، پڑوسیوں ، دوستوں اور دشمنوں کو یہ بتا دینا چاہتے ہيں کہ ہمارے ملک کی ڈاکٹرائن دفاعی ہے لیکن دشمن کے ہر حملے کا منہ توڑ جواب دیں گے۔
سحرنیوز/ایران: بریگیڈيئر جنرل حمید واحدی نے آج شہید ستاری یونیورسٹی میں ایک تقریب سے خطاب کے دوران انقلاب کے آغاز سے ہی فضائیہ کے کردار کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ فضائیہ ، انقلاب کے زمانے ميں بھی اور دفاع مقدس کے دوران اور ہر دور میں موثر رہی ہے۔ جنرل واحدی نے کہا کہ میں اعلان کرتا ہوں کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی فضائیہ آج ہمیشہ سے زیادہ الرٹ ہے اور ملکی صنعت کے دم پر اپنے پیروں پر کھڑی ہے اور ہم اپنے تمام ساتھیوں اور پائلٹوں پر فخر کرتے ہیں کہ انھوں نے وعدہ صادق میں ثابت کردیا کہ وہ کسی بھی صورت حال میں پیچھے ہٹنے والے نہيں ہیں۔ جنرل واحدی نے مزید کہا کہ ہم دنیا کے تمام ممالک ، اپنے پڑوسیوں اور دوستوں و دشمنوں کو بتا دینا چاہتے ہيں کہ ہماری ڈاکٹرائن دفاعی ہے لیکن کسی بھی حملے کا بھرپور جواب دیں گے اور اپنے خون کے آخری قطرے تک اپنے ملک کا دفاع کریں گے۔