Mar ۳۱, ۲۰۲۵ ۱۲:۵۹ Asia/Tehran
  • عید الفطر کے خطبوں میں رہبر انقلاب اسلامی کے بیانات

آج پیر کی صبح کو عید الفطر کی نماز امام خمینی عیدگاہ میں رہبر انقلاب اسلامی کی امامت میں انتہائی شان و شوکت کے ساتھ ادا کی گئی۔ جس میں ملک کے اعلی حکام سمیت لاکھوں کی تعداد میں عوام نے شرکت کی۔

سحرنیوز/ایران: رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے عید الفطر کے اپنے پہلے خطبے میں رمضان المبارک کو خدا کی ایک عظیم نعمت، اور خدا سے تقرب، تقوائے الہی کے حصول، تزکیہ نفس اور حیات معنوی کی تجدید کا ایک قیمتی موقع قرار دیا۔ آيت اللہ العظمی خامنہ ای نے نماز عیدالفطر کے دوسرے خطبے میں رمضان المبارک کے مہینے میں غزہ اور لبنان میں صیہونی حکومت کے ہاتھوں مسلسل نسل کشی اور بچوں کے قتل عام کو ملت اسلامیہ کے لئے تلخی کا سبب قرار دیا۔
آپ نے فرمایا کہ یہ بربریت فلسطین پر قبضہ کرنے والے جرائم پیشہ گروہ، امریکہ کی مسلسل امداد و حمایت کے سائے میں کر رہے ہيں۔ آپ نے مزید فرمایا کہ مغرب والے بار بار خطے کی بہادر قوموں اور غیرت مند نوجوانوں پر نیابتی فورس ہونے کا الزام لگاتے ہیں، لیکن یہ بات بالکل واضح ہے کہ خطے کی واحد نیابتی طاقت کرپٹ صیہونی حکومت ہے جو اس خطے میں جنگ بھڑکانے، نسل کشی اور دیگرملکوں کے خلاف جارحیتیں انجام دے کر ان ملکوں کے منصوبوں اور سازشوں کی تکمیل کر رہی اور ان کو عملی جامہ پہنا رہی ہے کہ جنہوں نے عالمی جنگ کے بعد اس خطے میں قدم رکھا-رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ یہی لوگ جو اپنی تقریروں میں قوموں کے حقوق اور اپنی سزمین کے دفاع کو دہشت گردی اور جرائم کا نام دیتے ہیں، یا تو وہ صیہونیوں کی نسل کشی اور کھلم کھلا دہشت گردانہ کارروائیوں سے آنکھیں بند کئے ہوئے ہیں یا پھر ان کارروائیوں میں مدد بھی کر رہے ہیں۔
آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے دو سال سے کم عرصے میں بیس ہزار سے زائد فلسطینی بچوں کی شہادت کے بارے میں انسانی حقوق کے علمبرداروں کی بے حسی کی شدید مذمت کرتے ہوئے فرمایا، یقیناً یورپ اور امریکہ سمیت دنیا کی اقوام کو جیسے ہی صیہونی اورامریکی جرائم کے بارے میں معلوم ہوا تو ان ملکوں کے عوام نے سڑکوں پر نکل کر صہیونیوں اور امریکہ کے خلاف مظاہرے کئے اور کر رہے ہيں تاہم اگر ان اقوام کو ممکل طور پر جارحین کےجرائم کا پتہ چل جائے تو وہ اور بڑے پیمانے پر ان جارح حکومتوں کے خلاف آواز بلند کریں گے۔
رہبر انقلاب اسلامی نے خطے میں اسلامی جمہوریہ ایران کے مستحکم مواقف کا ذکر کرتے ہوئے فرمایا کہ ہمارے مواقف مستحکم ہیں اور امریکہ و صیہونی حکومت اور ہمارے درمیان دشمنی بھی ماضی ہی کی طرح برقرار ہے۔
آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے دوسرے خطبے کے اختتام پر امریکہ کے حالیہ دھمکی آمیز مو قف کے بارے میں فرمایاکہ اگر بیرون ملک سے کوئی جارحیت انجام پاتی ہے، تو یقیناً اس کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔ اور اگر دشمن پچھلے برسوں کی طرح ملک کے اندر فتنہ برپا کرنے کی سوچے گا تو ہماری قوم گزشتہ برسوں کی طرح فتنہ اور غداری کرنے والوں کو منہ توڑ جواب دے گی۔

ٹیگس