دفاعی شعبے میں ایران کی نمایاں پیشرفت
اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج کی ضرورت کے نوے فیصد سے زائد دفاعی سازوسامان ملک کے اندر تیار کئے جارہے ہیں۔
سحرنیوز/ایران: وزارت دفاع کی الیکٹرانک انڈسٹریز آرگنائزیشن کے مینیجنگ ڈائرکٹر ریئر ایڈمرل امیر رستگاری نے مختلف شعبوں میں ملک کے دفاعی ساز و سامان کی پیداوار کے بارے میں کہا ہے کہ دفاعی شعبے میں، ہمیں اس بات پر فخر ہے کہ ہماری طاقتور مسلح افواج کے لیے دستیاب 90 فیصد سے زیادہ آلات و وسائل مکمل طور پر وزارت دفاع کے صنعتی اداروں اور اس تنظیم کے ساتھ تعاون کے نیٹ ورکس نے ڈیزائن اور تیار کیا ہے۔
امیر رستگاری نے مزید کہا کہ آج ہم نے خلا، فضا، سمندر، زمین اور پانی کے اندر کی دفاعی ضروریات کو ڈیزائن اور تیار کیا ہے اور یہ سلسلہ بدستور جاری ہے۔ امیر رستگاری کے مطابق ٹیلی کمیونیکیشن، ریڈار، فائر گائیڈنس، اور پانی کے اندر استعمال ہونے والے دفاعی وسائل سمیت بہت سے سسٹمز اور آلات کو ایرانی الیکٹرانکس کمپنیوں اور ملک کے محنتی ماہرین اور نوجوانوں کے توانا ہاتھوں نے ڈیزائن کیا ہے۔
ایڈمیرل رستگاری نے مزید کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ عالمی استکبار کی طرف سے تمام پابندیوں اور خلاف ورزیوں کے باوجود ہماری دفاعی صنعت روز بروز ترقی کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم اس سرزمین کے دشمنوں کو دور سےہی درست جواب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور اسلامی جمہوریہ ایران نے اپنی مقامی ٹیکنالوجی اور سائنسی صلاحیتوں پر بھروسہ کرتے ہوئے آج یہ طاقت پیدا کی ہے۔
وزارت دفاع کی الیکٹرانک انڈسٹریز آرگنائزیشن کے سی ای او نے کہا کہ آج ہماری دفاعی اور فوجی طاقت اور صلاحیت 100% مقامی ہے جو ایرانی سائندانوں اور ماہرین پر منحصر ہے۔ ہمیں اس بات پر فخر ہے کہ ہم اپنے دونوں پیروں پہ کھڑے ہیں۔